Saturday, July 27, 2024

سپاٹ فکسنگ کی تحقیقات، اینٹی کرپشن یونٹ کو تمام اختیارات دینے کا فیصلہ

سپاٹ فکسنگ کی تحقیقات، اینٹی کرپشن یونٹ کو تمام اختیارات دینے کا فیصلہ
February 12, 2017

اسلام آباد (92نیوز) خالدلطیف اور شرجیل خان کی معطلی، پاکستان کرکٹ بورڈ نے معاملے کی تحقیقات کا طریقہ کار وضع کر دیا، دونوں کھلاڑیوں سے تحقیقات پی سی بی کا اینٹی کرپشن یونٹ کرے گا۔ تفصیلات کے مطابق چھکے مارنے والے سٹے کے ہاتھوں کلین بولڈ ہو گئے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے دو بڑے بُرج شرجیل خان اور خالد لطیف کیا گرے پوری پی ایس ایل اور پاکستان کرکٹ ہی لڑکھڑا گئی۔ آئی سی سی کے اینٹی کرپشن یونٹ کی نشاندہی کے بعد پی سی بی نے دونوں کھلاڑیوں کو معطل کر دیا اور اب آئی سی سی کے باہمی اتفاق رائے سے دونوں کھلاڑیوں کے خلاف تحقیقات کا طریقہ کار وضع کر لیا گیا ہے جس کے مطابق پی سی بی نے تحقیقات کے لیے اینٹی کرپشن یونٹ کو تمام اختیارات دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

پی سی بی اینٹی کرپشن یونٹ تحقیقات کے بعد اپنی سفارشات چئیرمین پی سی بی کو بھجوائے گا۔ سزا یا کسی بھی دیگر سفارش پر عمل درآمد کے لئے چیئرمین پی سی بی کی توثیق ضروری ہوگی۔ دونوں کھلاڑیوں سے تحقیقات کے لیے الگ سے کوئی کمیٹی قائم نہ کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔