Tuesday, November 29, 2022

سپاٹ فکسنگ میں ملوث کھلاڑیوں پر بیرون ملک جانے پر پابندی ، نام ای سی ایل میں ڈالنے کی منظوری

سپاٹ فکسنگ میں ملوث کھلاڑیوں پر بیرون ملک جانے پر پابندی ، نام ای سی ایل میں ڈالنے کی منظوری
  اسلام آباد(92نیوز)اسپاٹ فکسنگ میں ملوث پانچ کرکٹرز کے پر کاٹ دیئے گئے۔بیرون ملک جانے پر پابندی وزیرداخلہ نے نام ای سی ایل میں ڈالنے کی منظوری دیدی جبکہ  بکیز کے خلاف بھی کارروائی ہوگی۔ تفصیلات کےمطابق وزیرِ داخلہ چوہدری نثار علی خان نے اعلی سطح اجلاس میں  سپاٹ فکسنگ میں ملوث شرجیل خان، خالد لطیف، ناصر جمشید، شاہ زیب حسن خان اور محمد عرفان کے نام ای سی ایل پر ڈالنے کی منظوری دے دی۔ وزیرِ داخلہ نے ہدایت کی ہے کہ سپاٹ فکسنگ میں ملوث کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ بکیز کے خلاف بھی کارروائی کی جائے۔ ایف آئی اے حکام نے وزیرِ داخلہ کو بتایا گیا کہ خالد لطیف اور محمد عرفان نے ایف آئی اے کو اپنے بیانات ریکارڈ کرادیئے  ہیں جبکہ دیگر کھلاڑی کل اپنے بیانات دیں گے۔  وزیرِ داخلہ نے پی ٹی اے حکام کو ہدایت جاری کی ہے کہ کرکٹ میں جوا لگانے اور اسکو فروغ دینے والی  تمام ویب سائٹس کو بھی بند کرنے کے حوالے سے اقدامات کئے جائیں تاکہ اس گھناؤنے کاروبار کا سدباب کیا جا سکے۔ وزیرِ داخلہ چوہدری نثار نے ایف آئی اے کو ہدایت کی کہ سپاٹ فکسنگ معاملے کی ہر پہلوسے شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کی جائیں  تاکہ پاکستان کا نام بد نام کرنے والوں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے اور کیس کو منطقی انجام تک پہنچایا جاسکے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس معاملے کی تفتیش میں زیرو ٹالینرنس پالیسی اختیار کی جائے اور کسی بھی ملوث شخص کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہ بھرتی جائے۔