سٹیٹ بینک جعلی نوٹ پکڑنے والی مشینیں درآمد کرے گا
کراچی (92نیوز) جعلی کرنسی کی جانچ پڑتال کے لیے جلد ہی پورے ملک میں سٹیٹ بینک آف پاکستان کے تمام دفاتر میں مشینیں لگا دیں جائیں گی۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان سٹیٹ بینک عابد قمرکا کہنا تھا کہ ملک میں جعلی کرنسی کی روک تھام کے لیے سٹیٹ بینک بھرپور انداز میں کام کررہا ہے۔
اس حوالے سے سٹیٹ بینک کے دفاتر میں جعلی کرنسی کی جانچ کے لیے چھ مشینیں لگائی جا چکی ہیں جبکہ جلد ہی مزید دس مشینیں درآمد کی جا رہی ہیں جس کے بعد مرکزی بینک کے تمام دفاتر میں جعلی نوٹوں کو جانچنے کا نظام مکمل ہو جائے گا۔
اس سے قبل سینیٹر سلیم مانڈوی والا کی زیر صدارت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کی جانب سے جعلی نوٹوں کے اجرا کے بارے میں سوال اٹھایا گیا تھا جس کا جواب سٹیٹ بینک کی جانب سے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کا اجلاس میں ہی دے دیا گیا تھا جس میں واضح کیا گیا تھا کہ کسی بھی بینک سے جعلی نوٹوں کا اجرا نہیں کیا گیا نہ ہی ایسی کوئی شکایت موصول ہوئی۔
واضح رہے کہ سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے انکشاف کیا کہ عید الاضحٰی کے موقع پر قربانی کے جانور خریدنے کے لیے جعلی نوٹوں کا استعمال کیا گیا۔ جعلی نوٹ ایک بنک کی جانب سے جاری کیے گئے تھے۔