کراچی ( 92 نیوز) سول اسپتال کراچی میں انتظامی غفلت کی انتہا ہوگئی ، کورونا وائرس سے متاثرہ خاتون کو مردوں کے وارڈ میں داخل کردیا گیا ، سول اسپتال کے وارڈز میں بھی بلیوں کے ڈیرے ہیں۔
سندھ کا سب سے بڑا سرکاری اسپتال سول اسپتال کراچی ہے جہاں پر غفلت عروج پر ہے ، ساتھ ہی سہولیات اور صفائی ستھرائی کا شدید فقدان ہے ، کراچی کے سول اسپتال میں کورونا وائرس سے متاثرہ خاتون کو مَردوں کے وارڈ میں داخل کرلیا گیا ، جہاں بلیوں کا گشت بھی جاری رہا۔
متاثرہ خاتون نے 8 ہزار روپے سے زائد خرچ کر کے نجی اسپتال سے ٹیسٹ کروایا تھا جس کے بعد سولاسپتال میں داخل کیا گیا جہاں نہ صرف گندگی ہے بلکہ بلیوں کی بھرمار بھی دیکھی جارہی ہے ۔
کورونا وائرس سے متاثرہ خاتون نے ویڈیو بیان میں بتایا کہ وارڈ کی حالت اس قدر خراب ہے کہ بیٹھنابھی مشکل ہوگیا ، 92 نیوز نے خبر نشر کی تو انتظامیہ کو ہوش آگیا اور 3 رکنی تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی ۔
کمیٹی میں اے ایم ایس جنرل ڈاکٹر روبینہ بشیر، اے ایم ایس ڈاکٹر الطاف میمن اور اے ایم ایس ڈاکٹرشفیق پٹھان شامل ہیں ۔ کمیٹی کو 24 گھنٹے میں رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے ۔