Friday, September 20, 2024

سوشل میڈیا پر چیئرمین پی ٹی آئی کی شادی ٹاپ ٹرینڈ بن گیا

سوشل میڈیا پر چیئرمین پی ٹی آئی کی شادی ٹاپ ٹرینڈ بن گیا
February 19, 2018

اسلام آباد (92 نیوز) تحریک انصاف کی جانب سے عمران خان کی شادی کے باضابطہ اعلان کے بعد سوشل میڈیا پر ایک دلچسپ ہلچل مچ گئی ۔ کھلاڑی خوشیاں منا رہے ہیں اور رہنما مبارکبا دیں دے رہے ہیں ۔
عمران خان کی شادی کی مبارکبادوں کے پیغامات ٹویٹر پر ٹاپ ٹرینڈ کر رہے ہیں ۔
پی ٹی آئی کے آفیشل ہینڈل سے بتایا گیا کہ نکاح اتوار 18 فروری کو رات 9 بجے ہوا ۔ خاندان اور قریبی دوستوں نے شرکت کی ۔ سابق صدرپرویز مشرف کی پارٹی کے اکاؤنٹ سے عمران خان کو شادی کی مبارک دی گئی اور جوڑے کو خوشگوار زندگی کی دعا دی گئی ۔
جہانگیر ترین نے کہا کہ خان صاحب بہت بہت شادی مبارک ۔ وہ جوڑے کی عمر بھرخوشیوں کےلئے دعا گو ہیں جبکہ مراد سعید نے بھی کپل کو خوشگوار زندگی کی دعا دی ۔
فیصل جاوید نے لکھا دعائیں ، پی ٹی آئی کے صوبائی رہنما شعیب صدیقی نے لکھا کہ ہمارے لیڈر کو بہت زیادہ مبارکباد ۔ اس شاندار سفر پر انکی دعائیں اپنے رہنما کے ساتھ ہیں ۔ مشتاق غنی نے کہا اللہ خان صاحب کو خوش رکھے ۔ شادی کی مبارکباد ۔
ان مبارکبادوں کے سلسلے میں پی ٹی آئی ٹائیگرز بھی بھلا کہاں پیچھے رہنے والے تھے ۔ دلچسپ انداز میں اپنی خوشی کا اظہار کرتے رہے ۔
ایک صارف نے لکھا خان نے سنت رسول پر عمل کیا ہے ۔ شادی پر تنقید کی بجائے جوڑے کو دعا دینا بھی سنت ہے ۔
ایک صارف نے کپتان کی شادی کا صدقہ نکالا اور کہا کہ لیڈر کی شادی کی خوشی میں انہوں نے شوکت خانم ہسپتال کو چندہ دیا ہے ۔
ایک اور ہینڈل سے کہا گیا کہ نکاح کی تقریب میں عمران خان کے چہرے پر ملین ڈالر سمائل ہے ۔ ایک صارف نے کہا کہ اس شادی کا ایک طویل عرصے سے انتظار تھا ۔ مسلم لیگ ن اور ریحام خان کا سارا پراپیگنڈہ دبڑ دوس ہو گیا ہے ۔ خان ہمیشہ جیتے رہے ۔
کچھ پی ٹی آئی کارکنوں نے عمران خان کو شادی کی مبارکباد تو دی لیکن دبے دبے لفظوں میں شکایت بھی زبان پر لائے ۔
ایک صارف نے کہا کہ انتخابات سے پہلے یہ ایک غلط فیصلہ ہے لیکن وہ پھر بھی عمران خان کو شادی کی مبارکباد دیتے ہیں ۔ ایک صارف نے لکھا کہ دلہن 2018 میں پاکستان کی خاتون اول ہونگی ۔ انشاللہ عمران خان کو مبارکباد ۔