Wednesday, December 7, 2022

سوشل میڈیا پرشعیب اختر اورعلی ظفر کے درمیان ٹاکرا

سوشل میڈیا پرشعیب اختر اورعلی ظفر کے درمیان ٹاکرا
لاہور ( 92 نیوز) اسپیڈ اسٹار شعیب اختر اور پاپ اسٹار علی ظفر کے مابین سوشل میڈیا  پر دلچسپ نوک جھونک شروع ہو گئی ، دونوں نے ایک دوسرے کو کرکٹ کے میدان میں پنجہ آزمائی کا چیلنج کردیا۔ سوشل میڈیا پر شعیب اختر اور علی ظفر کے درمیان ٹاکرا ہو گیا ،  ایک دوسرے کو کرکٹ میچ کا چیلنج دے ڈالا۔ شعیب اختر نے چار بج کر 51 منٹ پر علی ظفر کو مخاطب کرکے ٹوئٹر پر  لکھا  سنا ہے بڑا کرکٹر ہے تو؟، چار گھنٹے بعد 8بجکر 23منٹ پر علی ظفرنے شعیب اختر کو جواب دیا سنا ہے بڑی باؤلنگ کرواتے ہیں آپ؟۔ شعیب اختر کو علی ظفر کا ایسا کہنا شاید اچھا نہیں لگا ، 8بجکر 49منٹ پر ٹویٹ داغ کر  کہا  تو ٹائم اور جگہ بتا اور پھر ایک بال ٹچ کرکے دکھا ؟۔ علی ظفر نے  رات 10بجکر 10منٹ پر شعیب اختر کا چیلنج قبول کرتے ہوئے اپنی کرکٹ کھیلتے ہوئے ایک تصویر شیئر کی ، کیپشن جمایا کہ گراؤنڈ میں انتظار کررہا ہوں ، ایک بال میں بھی کرواؤں گا،172میل فی گھنٹہ کی رفتار سے ۔ اب دو بڑے اسٹار آپس میں سینگ پھنساکر بیٹھے ہوں تو بھلا انکے مداح کیسے پیچھے رہ سکتے ہیں،علی ظفر کے مداح انکو ہلہ شیری دے رہے ہیں تو شعیب اختر کے مداح انکا حوصلہ بڑھانے میں لگے ہیں۔ دیکھتے ہیں یہ میچ ہوتا بھی ہے یا دونوں کا چیلنج صرف سوشل میڈیا تک ہی محدود رہے گا ۔