کراچی: (92 نیوز) سوشل میڈیا ایپ ایکس کی بند ش کے کیس میں سندھ ہائیکورٹ نے پی ٹی اے کے اختیارات کی وضاحت مانگ لی ہے، عدالت کا کہنا ہے ایکس پاکستان سے آپریٹ نہیں کرتا، حکومت کیسے ریگولیٹ کرسکتی ہے؟
ایکس کی بندش کے خلاف سندھ ہائیکورٹ میں درخواست کی سماعت ہوئی۔ درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ پی ٹی اے آزاد اور خود مختار ادارہ ہے، وزارت داخلہ یا فیڈریشن کے حکم کا تابع نہیں۔
یہ بھی پڑھیں: بچوں کی پالیسی کی خلاف ورزی: ٹک ٹاک پر مقدمہ درج
چیف جسٹس شفیع محمد صدیقی بولے جن آرٹیکلز کا ایکس بند کرنے کا حوالہ دیا گیا ہے، ان میں کہیں بھی یہ نہیں کہا گیا کہ کسی کو بند کردیں یا کھول دیں۔ استفسار کیا کہ پی ٹی اے کو قانون کیا اختیارات دیتا ہے؟ اس پر درخواست گزار کے وکیل نےکہا کہ سوشل میڈیا کو سوشل پالیسی ڈائریکٹو میں ریگولیٹ نہیں کیا گیا۔
اس موقع پر جسٹس جواد نے استفسار کیا کہ ایکس پاکستان سے آپریٹ نہیں ہوتا حکومت کیسے ریگولیٹ کرسکتی ہے؟ پی ٹی اے تو لوکل اداروں کو ریگولیٹ کرسکتا ہے۔ عدالت نے کیس کی مزید سماعت یکم نومبرتک ملتوی کردی۔