Thursday, September 19, 2024

سورج پر تحقیق کیلئے جدیدترین خلائی مشن ’’پارکر‘‘خلاء کی طرف روانہ

سورج پر تحقیق کیلئے جدیدترین خلائی مشن ’’پارکر‘‘خلاء کی طرف روانہ
August 12, 2018
واشنگٹن (92نیوز) ناسا نے سورج کی تحقیق کیلئے پارکر نامی اپنا جدید ترین خلائی مشن لانچ کردیا ، اس مشن کا مقصد سورج کو قریب جا کر اس کی تپش سے متعلق مختلف رازوں سے پردہ اٹھانا ہے ۔ امریکی خلائی تحقیقی ادارے ناسا نےسورج کی سطح پر تحقیق کے لیے اپنا جدید ترین خلائی مشن ’’پارکر‘‘ خلاء کی طرف روانہ کردیا۔ ناسا کا مشن امریکی ریاست فلوریڈا کے کیپ کیناورل ایئرفورس اسٹیشن سے  بھیجا گیا،جس کی تیاری میں تین سال کا وقت لگا، اس خصوصی راکٹ کو سولر پروب پر تیار کیاگیا ہے  جو ایک چھوٹی گاڑی کی مانند ہے۔ ناسا کا یہ مشن براہِ راست سورج کی طرف جائے گا اور 6.5 ملین کلومیٹر کے فاصلے سے اپنے اعداد و شمار جمع کرے گا۔اس سے قبل سورج کی طرف جانیوالا خلائی جہاز سورج سے تینتالیس ملین کلومیٹر کے فاصلے تک گیاتھا ۔ ناسا کے اس مشن کا مقصد سورج کےتباہ کن شعلوں اور ستاروں کی زندگی سے متعلق مختلف رازوں سےپردہ اٹھانا ہے،ماہرین کاکہناہےکہ اس مشن کی کامیابی سے زمین کا درجہ حرارت قابو رکھنے میں مدد ملے گی۔