Saturday, July 27, 2024

سوئٹزرلینڈ کے ٹھنڈے میدانوں میں ہوگی چھکے چوکوں کی برسات

سوئٹزرلینڈ کے ٹھنڈے میدانوں میں ہوگی چھکے چوکوں کی برسات
February 7, 2018

سوئٹزرلینڈ ( 92 نیوز ) سوئٹزرلینڈ کے برف پوش میدانوں میں کل سے سجے گا کرکٹ کا میدان ، دنیا بھر سے سپر اسٹارز جلوہ دکھائیں  گے ۔  شعیب اختر، وریندر سہواگ اور عبدالرزاق جمی ہوئی جھیل کی سطح پر کرکٹ کھیلیں گے  ۔ سینٹ مورٹرز میں 8اور 9 فروری کو دو ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے جائیں گے ۔

اسٹیڈیم میں اسٹار کھلاڑیوں کو کرکٹ کھیلتے تو سب نے ہی دیکھا ہوگا لیکن اب میلہ سجے گا سوئٹزرلینڈ کی جمی ہوئی برف پر،پاکستان ،بھارت سمیت دیگر ممالک کے نامور کرکٹرز بھی ان ایکشن ہوں  گے ۔

سینٹ مورٹرز میں آٹھ اور نو فروری کو مختصر فارمیٹ کے بڑے مقابلے ہوں گے  ۔ پہلی بارلیجنڈزکرکٹرز  شرکت کرکے ایونٹ کو چارچاند لگائیں گے ۔

تیز ترین گیندوں سے بیٹسمینوں کے ہوش اڑانے والے راولپنڈی ایکسپریس شعیب اختر ایکشن میں ہوں گے تو سابق بھارتی بیٹنگ پاور ہاؤس وریندر سہواگ ایک بار پھر بلے کی طاقت دکھائیں گے ۔

جیک کیلس، مہیلا جے وردھنے، لسیتھ مالنگا، مونٹی پنیسر، محمد کیف، مائیکل ہسی، ناتھن میک کولم، گریم اسمتھ، ڈینئل ویٹوری، گرانٹ الیٹ اور اویس شاہ سمیت کئی دیگر اسٹار کھلاڑی بھی حصہ لیں گے ۔

تمام کھلاڑیوں  کو دو ٹیموں میں تقسیم کیا گیا،ٹیم ڈائمنڈ بھارت، سری لنکا اور آسٹریلیا کے کھلاڑیوں پر مشتمل ہے ، ٹیم رائل میں پاکستان، انگلینڈ،جنوبی افریقہ اور نیوزی لینڈ کے کھلاڑی شامل  ہوں گے ۔

تاریخ ساز معرکوں کے لیے برف کے میدان میں مصنوعی پچ بچھائی جائے گی ۔