Saturday, July 27, 2024

سنگین جرائم میں ملوث نثارمورائی کا اہم شخصیات کا آلہ کار بننے کا اعتراف

سنگین جرائم میں ملوث نثارمورائی کا اہم شخصیات کا آلہ کار بننے کا اعتراف
March 16, 2016
کراچی (92نیوز) سندھ میں دہشت گردی‘ لیاری گینگ وار کے ملزموں کی معاونت، منی لانڈرنگ اور ٹارگٹ کلنگ سمیت دیگر سنگین جرائم میں نثار مورائی کو انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کردیا گیا۔ انسداد دہشت گردی کی عدالت نے ملزم نثار جان میمن عرف نثار مورائی کو 90 روز کے لیے رینجرز کی تحویل میں دے دیا۔ ملزم نے سندھ میں دہشت گردی میں ملوث پیپلز پارٹی کے اہم شخصیات کے ملوث ہونے کا بھی انکشاف کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق نثار مورائی آصف زرداری کے قریبی اور بااعتماد ساتھی سمجھے جاتے ہیں۔ سندھ میں دہشت گردی، منی لانڈرنگ، ٹارگٹ کلنگ، لیاری گینگ وار کی سرپرستی اور فشریز میں کروڑوں روپے یومیہ کی خوردبرد میں ملوث نثار مورائی کو انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کردیا گیا۔ ملزم کو رینجرز کی سخت سکیورٹی میں عدالت پیش کیا گیا۔ رینجرز وکیل کے مطابق نثار مورائی نے لانچوں کے ذریعے اربوں روپے کی کرنسی سمگلنگ سیاسی رہنماوں کی ایما پر کرنے کا اعتراف کیا۔ ملزم براہ راست ٹارگٹ کلنگ اور دہشت گردی کی متعدد وارداتوں میں بھی ملوث ہے۔ ابتدائی تفتیش میں نثار مورائی نے صوبے میں ہونے والی دہشت گردی کا الزام پیپلزپارٹی کی اہم شخصیات پر لگایا ہے۔ انسداد دہشت گردی کی عدالت نے ملزم نثار جان میمن عرف نثار مورائی کو 90 روز کے لیے رینجرز کی تحویل میں دے دیا۔ عدالت نے ملزم کے خلاف 15 روز میں جے آئی ٹی رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔