سنگاپور ، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور شمالی کورین رہنماکِم جونگ اُن کی ملاقات
سنگاپور (92 نیوز) ماضی کے دو حریف دوستی کے سفر پر چل پڑے۔ سنگاپور میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور شمالی کورین رہنما کِم جونگ اُن کی ملاقات میں دونوں رہنماؤں کے درمیان تاریخی معاہدہ بھی طے پا گیا۔
صدر ٹرمپ نے کہا بات چیت کانتیجہ شاندارکامیابی کی صورت میں نکلےگا جبکہ کم جونگ اُن نے ملاقات کو امن کیلئے فائدہ مند قرار دیا۔
جزیرہ سینٹوسا کے کپیلا ہوٹل میں امریکی صدر اور شمالی کورین رہنما کی تاریخی ملاقات ہوئی جو اڑتیس منٹ تک جاری رہی جس میں دونوں نے مترجموں کے ذریعے ایک دوسرے سے گفتگو کی۔
صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کِم جونگ اُن کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ مسٹر چیئرمین، آپ کے ساتھ بیٹھنا اعزاز کی بات ہے، دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کا نیا باب شروع ہو گیا ہے ، توقع ہے کم جونگ ان سے تعلقات بہترین رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم مل کر بڑی کامیابی حاصل کریں گے۔
اس موقع پر شمالی کورین رہنما کم جونگ اُن نے کہا کہ ملاقات کیلئے تمام خدشات اور قیاس آرائیوں کو مسترد کر دیا تھا ، ماضی کی تلخ یادوں کو بھلا کر امن کی نئی صبح کی امید کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سب کچھ زنجیروں نے جکڑ رکھا تھا، آنکھیں اورکان بند تھے تاہم وہ سب کچھ عبور کر کے یہاں پہنچے ہیں۔
امریکا اور شمالی کوریا کے صدور کے درمیان ہونے والی ملاقات پر پوری دنیا کی نظریں مرکوز تھیں۔
عالمی میڈیا نے ملاقات کو براہ راست نشر کیا۔ اس موقع پر سیکیورٹی کے بھی سخت ترین انتظامات کیے گئے تھے۔