سينيٹر سردار يعقوب ناصر مسلم ليگ ن کے قائم مقام صدر بن گئے

اسلام آباد (92 نیوز) سينيٹر سردار يعقوب ناصر مسلم ليگ ن کے قائم مقام صدر بن گئے ۔ مرکزي مجلس عاملہ نے توثيق بھی کر دی ۔ تاہم سابق وزیر داخلہ چودھری نثار نے معاملے پر تحفظات کا اظہار کیا ہے ۔
مسلم ليگ ن کي مرکزي مجلس عاملہ کا اجلاس پنجاب ہاؤس اسلام آباد میں ہوا ۔ وزيراعظم شاہدخاقان عباسی اور چودھري نثار سميت مجلس عاملہ کے دیگر ارکان شریک ہوئے۔ راجا ظفر الحق نے سردار یعقوب ناصر کا نام بطور قائم مقام صدر مسلم لیگ (ن) پیش کیا تو چودھری نثار نے اعتراض کر دیا ۔ ان کا کہنا تھا قائم مقام صدر کے نام پر انہیں اعتماد میں نہیں لیا گیا ۔
میڈیا میں نام دینے کے بعد مجلس عاملہ کا اجلاس بلانے کی کیا ضرورت تھی ۔ ذرائع کے مطابق دیگر ارکان نے بھی چوہدری نثار کے موقف کی برملا حمایت کی ۔
گلے شکوؤں کے بعد ہوا وہی جو پہلے سے طے شدہ تھا ۔ مرکزی مجلس عاملہ نے فیصلے کی توثیق کر دی ۔ پارٹي انتخابات تک سينيٹر سردار يعقوب ناصر پارٹي کے قائم مقام صدر کي حيثيت سے خدمات انجام ديں گے ۔ سردار یعقوب ناصر 2013 میں بلوچستان سے سینیٹر منتخب ہوئے ۔ ان کا تعلق ضلع لورا لائی سے ہے ۔