سندھ ہائیکورٹ کے سکیورٹی انچارج ڈی ایس پی ذوالفقار زیدی ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بن گئے، دوست سمیت قتل
کراچی (92نیوز) کراچی میں ایک ہفتے کے دوران دوسرے ڈی ایس پی کو موت کے گھاٹ اتار دیا گیا، دہشت گردوں نے شاہ فیصل کالونی کے علاقے میں سندھ ہائیکورٹ کے سکیورٹی انچارج ڈی ایس پی ذوالفقار زیدی کودوست سمیت قتل کردیا۔
پولیس کے مطابق موٹرسائیکل سوار دہشت گردوں نے ڈی ایس پی ذوالفقار زیدی پر اس وقت گولیاں برسادیں جب وہ شاہ فیصل کالونی عیدگاہ کے قریب ہوٹل پر کھانا کھارہے تھے۔ فائرنگ سے ڈی ایس پی ذوالفقار اوران کے دوست شہزاد جاں بحق ہوگئے۔ پولیس کو جائے وقوعہ سے گولیوں کے متعدد خول ملے۔
ذوالفقار زیدی شاہ فیصل کالونی کے رہائشی تھے۔ وہ سپیشل برانچ کے افسر اور ہائیکورٹ کی سکیورٹی کے انچار ج تھے۔ مقتولین ایک ہی محلے میں پڑوسی اور پرانے دوست تھے۔ ڈی ایس پی ذوالفقار زیدی نے بیوہ اور ایک بیٹی کوسوگوار چھوڑا ہے جبکہ شہزاد چار بہنوں کا اکلوتا بھائی تھا۔ ابتدائی رپورٹ کے مطابق ذوالفقارزیدی کو تیرہ جبکہ شہزاد کو پندرہ گولیاں ماری گئیں۔
جائے وقوع سے نائن ایم ایم پستول کے سترہ خول ملے ہیں۔ لاشوں کوقانونی کارروائی کے لیے جناح اسپتال منتقل کردیا گیا۔ واقعے کے بعد آئی جی سندھ، ایڈیشنل آئی جی کراچی جائے وقوع پر پہنچ گئے اورجائے واردات کا معائنہ کیا۔ ایڈیشنل آئی جی کا کہنا ہے کہ ڈی ایس پی ذوالفقار زیدی کو کوئی دھمکی نہیں ملی تھی۔ ملزمان کو ہر صورت گرفتار کیا جائے گا۔
آئی جی سندھ اور ایڈیشنل آئی جی نے جناح اسپتال کا بھی دورہ کیا۔ دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ نے ڈی ایس پی ذوالفقار شاہ اور ان کے دوست شہزاد کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے آئی جی سندھ کو قاتلوں کی فوری گرفتاری کے احکامات جاری کردیے۔
دوسری جانب چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ جسٹس فیصل عرب نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سندھ سے رپورٹ طلب کرلی۔ انہوں نے حکم دیا ہے کہ ایڈیشنل آئی جی کراچی خود عدالت میں پیش ہوکر رپورٹ جمع کرائیں۔
ڈی ایس پی ذوالفقار زیدی رواں ہفتے قتل ہونے والے کراچی پولیس کے دوسرے ڈی ای س پی ہیں۔ ان سے قبل گلشن حدید کے علاقے میں ڈی ایس پی فتح محمد سانگری کو قتل کیا گیا تھا۔