سندھ ہائیکورٹ نے نجی سکولوں کی انتظامیہ کو اضافی فیس وصول کرنے سے روک دیا
کراچی(92نیوز)سندھ ہائی کورٹ نے نجی اسکول کی انتظامیہ کو اضافی فیس وصول کرنے سے روک دیا ،عدالت نے اضافی فیسوں کے خلاف درخواست پر چیف سیکریٹری سندھ اور دیگر فریقین سے 13اکتوبر کو رپورٹ طلب کرلی ۔
تفصیلات کےمطابق چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ جسٹس فیصل عرب کی سربراہی میں دورکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی
کراچی کے مختلف علاقوں سے تین سو سے زائد والدین نے درخواست میں موقف اختیار کیا کہ نجی اسکول کی انتظامیہ کی جانب سے فیسوں میں من مانے اضافے کئے گئے ہیں ،من چاہی فیس جمع کروانے کے لیے دباو ڈالا جارہا ہے،زائد فیس جمع نہ کروانے والے والدین کو مختلف بہانوں سے ہراساں کیا جارہا ہے ۔
والدین کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے اضافی فیسوں کی وصولی کی روک تھام کے لیے کوئی اقدامات نہیں کئے گئے
عدالت عالیہ سے استدعا ہے کہ نجی اسکولز کی انتظامیہ کو اضافی فیسوں کی وصولی سے روکا جائے اور حکومت سندھ کو حکم دیا جائے کہ من مانی فیس وصول کرنے والے اسکولز کے خلاف سخت مانیٹرنگ پالیسی بنائی جائے۔
اس موقع پر عدالت نے والدین کو اضافی فیس جمع کروانے سے روک دیا اورنجی اسکولز کی انتظامیہ کو تاحکم ثانی اضافی فیس وصول نا کرنے حکم دیا،عدالت نے بچوں کو ہراساں کئے جانے پر نجی اسکولز کے خلاف سخت کارروائی کا بھی حکم دیا ۔