Saturday, July 27, 2024

سندھ ہائیکورٹ نے لوکل گورنمنٹ ترمیمی ایکٹ کالعدم قرار دیدیا

سندھ ہائیکورٹ نے لوکل گورنمنٹ ترمیمی ایکٹ کالعدم قرار دیدیا
February 10, 2016
کراچی (92نیوز) سندھ ہائیکورٹ نے لوکل گورنمنٹ ترمیمی ایکٹ کو کالعدم قرار دے دیا۔ مئیر‘ ڈپٹی مئیر، ضلعی چیئرمین اور وائس چیئرمین کے انتخابات شو آف ہینڈ کی بجائے خفیہ رائے شماری کے ذریعے کرائے جانے کا حکم بھی جاری۔ تفصیلات کے مطابق سندھ ہائیکورٹ میں لوکل گورنمنٹ ترمیمی ایکٹ کےخلاف درخواستوں کی سماعت ہوئی تومتحدہ کے وکیل بیرسٹر فروغ نسیم نے دلائل دیے کہ بلدیاتی الیکشن میں آزاد امیدوار بھی کامیاب ہوئے ہیں۔ چیئرمین اور وائس چیئرمین کے انتخاب میں انہیں بھی ووٹ استعمال کرنے کا حق دیا جائے۔ لوکل گورنمنٹ ایکٹ ترمیم میں حکومت کی بدنیتی شامل ہے۔ فروغ نسیم نے کہاکہ چیئرمین اور وائس چیئرمین کے انتخابات کا شیڈول آنے کے بعد قانون میں ترمیم غیرقانونی ہے۔ آزاد امیدواروں پر دباو¿ ڈال کر وفاداریاں تبدیل کرانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ دوران سماعت حکومت سندھ کے وکیل فاروق ایچ نائیک اور خالد جاوید خان کا کہنا تھا کہ قانون سازی کے ذریعے بلدیاتی الیکشن کا طریقہ کار تبدیل کیا جا سکتا ہے۔ چیئرمین اور وائس چیئرمین کا انتخاب بھی حکومت نہیں بلکہ الیکشن کمیشن کرے گا جس پر عدالت نے لوکل گورنمنٹ ترمیمی ایکٹ کو کالعدم قراردیتے ہوئے شو آف ہینڈ کی بجائے ضلعی چیئرمین اور وائس چیئرمین کے انتخابات خفیہ رائے شماری سے کرائے جانے کا حکم سنا دیا اور الیکشن کمیشن کو حکم دیا کہ رائے شماری کا شیڈول جاری کرے۔