سندھ ہائیکورٹ نے صوبہ بھر میں موٹر سائیکل رکشا پر پابندی لگا دی

کراچی (92نیوز) سندھ ہائیکورٹ نے غیرقانونی چنگ چی رکشوں پر فوری طور پر پابندی لگانے کا حکم دیدیا جبکہ حقائق چھپانے پر چنگ چی رکشا ایسوسی ایشن پر جرمانہ بھی عائد کر دیا۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ چنگ چی رکشے چلانا شہریوں کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے جبکہ اس سے ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوتی ہے۔
فیصلے میں فٹنس اور بنا پرمٹ چلنے والے چنگ چی رکشوں کو غیرقانونی قرار دیدیا گیا۔ عدالت نے واضح کیا کہ حکم نامہ سندھ بھر میں نافذ العمل ہو گا۔ چنگ چی رکشے مکمل طور پر بند کر کے دوہفتوں میں رپورٹ پیش کی جائے اور کارروائی مستقل بنیادوں پر جاری رکھی جائے۔
تفصیلی فیصلے میں پابندی پر عملدرآمد کی رپورٹ ہر ماہ پیش کرنے کا حکم بھی دیا گیا ہے۔ عدالت نے حکومت سندھ، آئی جی سندھ اور سیکرٹری ٹرانسپورٹ کو حکم نامے کی نقل فراہم کرنے کا حکم دیتے ہوئے حقائق چھپانے پر چنگ چی رکشا ایسوسی ایشن پر جرمانہ بھی عائد کر دیا۔