Friday, September 20, 2024

سندھ ہائیکورٹ، دودھ کی قیمتوں سے متعلق درخواست کی سماعت، فوڈ اتھارٹی کے قیام سے متعلق سندھ حکومت سے رپورٹ طلب

سندھ ہائیکورٹ، دودھ کی قیمتوں سے متعلق درخواست کی سماعت، فوڈ اتھارٹی کے قیام سے متعلق سندھ حکومت سے رپورٹ طلب
March 31, 2016
کراچی (نائنٹی ٹو نیوز) سندھ ہائیکورٹ میں دودھ کی قیمتوں سے متعلق درخواست کی سماعت پر عدالت نے سندھ فوڈ اتھارٹی کے قیام سے متعلق حکومت سندھ سے تفصیلی رپورٹ طلب کرتے ہوئے فیصلہ محفوظ کر لیا۔ سندھ ہائیکورٹ کے چیف جسٹس سجاد علی شاہ پر مشتمل دو رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔ جسٹس سجاد علی شاہ نے استفسار کیا کہ بتایا جائے سندھ فوڈ اتھارٹی کے قیام کیلئے حکومت کیا اقدامات کر رہی ہے اور کراچی میں کتنے ہوٹل اور مضر صحت چیزیں فروخت کرنیوالی دکانوں پر چھاپے مارے گئے جس پر چیف فوڈ انسپکٹر نے بیان دیا کہ شہر میں دودھ کی کوالٹی کو چیک کرنے کیلئے بارہ  فوڈ انسپکٹرز تعینات ہیں۔ فوڈ انسپکٹر کا مینڈیٹ صرف دودھ کی کوالٹی کو چیک کرنا ہے۔ جسٹس سجاد علی شاہ نے ریمارکس دیئے کہ کراچی میں کوئی پوچھنے والا نہیں لوگ مٹی بھی فروخت کر رہے ہیں۔ پیٹرول سستا ہو گیا تو دودھ کیوں مہنگا ہے جس پر چیف فوڈ انسپکٹر نے بتایا کہ بھینسیں مہنگی ہو گئی ہیں۔ آج سے ایک سال قبل جو بھینس 1 لاکھ روپے کی تھی اب وہ ایک لاکھ 40 ہزار کی ہے۔ عدالت نے چیف سیکریٹری سندھ، سیکریٹری لوکل گورنمنٹ، سیکریٹری فوڈ اتھارٹی اور سیکریٹری صحت سمیت دیگر سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے فیصلہ محفوظ کر لیا۔