سندھ کے چھوٹے تاجروں کو مشروط اور محدود سطح پر کاروبار کرنے کی اجازت

کراچی ( 92 نیوز) وزیراعلیٰ سندھ نے چھوٹے تاجروں کیلئے بڑا ریلیف دے دیا ، چھوٹے تاجروں کو مشروط اور محدود سطح پر کاروبار کی اجازت ہوگی ، بعض کاروباری سرگرمیوں کیلئے الگ الگ دن مخصوص ہونگے ،گائیڈلائن اور سفارشات کل تک مکمل کرلی جائیں گی۔
وزیر اعلیٰ سندھ اور تاجروں کے درمیان ملاقات ہوئی ، وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے تاجروں کو ہوم ڈیلیوری کے ذریعے ایس او پی کے تحت کام کرنے کی ہدایت کردی۔
وزیر اعلیٰ سندھ نے صوبائی وزراء سعید غنی، سید ناصر حسین شاہ، امتیاز شیخ پر کمیٹی قائم کردی ہے جو تاجروں سے ملکر ایس او پیز بنائیں گے۔
سی ایم سندھ سے ملاقات کے بات میڈیا سے بات چیت کے دوران تاجروں نے ملی جلی رائے دی ، صدر الیکٹرانک مارکیٹ رضوان عرفان کا کہنا تھا کہ وزیر اعلی سے ملاقات اچھی رہی جلد ہی اچھی خبر کی امید ہے۔
آل سندھ تاجر اتحاد کے صدرجمیل پراچہ بولے وزیراعلی سندھ سے ملاقات بے نتیجہ رہی ، سی ایم صاحب نے کاروبارکھولنے کاکہاہے لیکن کب کھلے گاکچھ نہیں پتہ ۔
تاجر برادری کا مزید کہنا تھا کہ حکومت جلد ایس اوپیز بنانے اور عملدرآمد پر غور کرے تاکہ کاوروباری حضرات کی پریشانی میں کمی آسکے۔
وزیر اعلیٰ سندھ نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ تاجروں سے آج ملاقات ہوئی، ہم سہولیات دینے کیلئے سفارشات مرتب کررہے ہیں، تاجروں نے بلا سود اور طویل دورانیے کے قرضوں کی درخواست کی ہے۔ پہلے سے ہی وفاقی حکومت سے تاجروں کو قرضے ملنا ایک اچھا اقدام ہے، بلا سود اور طویل دورانیے کے قرضوں سے چھوٹے تاجروں کے مسائل حل ہونگے۔
ان کا کہنا تھا کہ کل ہم نے 2217 ٹیسٹ کیےجن میں سے 138 نئے کیسز سامنے آئے، کورونا مریضوں کی کل تعداد 2355 ہوگئی ہے، کل ایک مریض دنیا سے رخصت ہوگیا، سندھ میں جان بحق ہونے والوں کی تعداد 48 ہوگئی ہے ، مجھے امید ہے عوام اس وبا سے نجات کیلئے ہمارے ساتھ تعاون کریں گے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ساؤتھ اور ایسٹ کی گنجان آبادیوں میں کیسز بڑھنا تشویشناک بات ہے، ہم کچی آبادیوں میں ٹیسٹ بڑھا رہے ہیں ، عوام جب تک سماجی دوری نہیں اپنائے گی یہ مرض پھیلتا جائے گا۔