سندھ کے اضلاع کیلئے آپٹیکل فائبر معاہدے پر دستخط، صدر عارف علوی کی شرکت
کراچی (92 نیوز) کراچی میں سندھ کے اضلاع کیلئے آپٹیکل فائبر معاہدے پر دستخط کردیئے گئے۔ صدر مملکت عارف علوی اور وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی تقریب میں شریک ہوئے۔
صدر مملکت عارف علوی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں ترقی کی ڈیجیٹل راہیں کھل رہی ہیں، تیزی سے ترقی کے لئے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے پر توجہ دینا ہو گی۔
اُنہوں نے کہا کہ، ملک میں ترقی کی ڈیجیٹل راہیں کھل رہی ہیں۔ ڈیجیٹل اکانومی بھی تیزی سے پھیل رہی ہے۔ کمیونیکیشن سسٹم کو بہتر اور تیز کرنے کی ضرورت ہے۔ دنیا کی ٹاپ کمپنیوں میں انفارمیشن ٹیکنالوجی سے وابستہ کمپنیاں ہیں۔ پاکستان کی کامیابی اور ترقی انفارمیشن ٹیکنالوجی سے وابستہ ہے۔
صدر عارف علوی نے کہا، پاکستان میں نوجوانوں کی بڑی تعداد ہماری اصل طاقت اور سرمایہ ہے۔ نوجوانوں کو آئی ٹی کی تعلیم دے کر ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا سکتا ہے۔ ایمیزون کا ملک میں آنا بھی خوش آئند ہے۔
اُن کا یہ بھی کہنا تھا کہ، کورونا بحران کیساتھ کامیابی سے نمٹنے پر ملکی معیشت میں بہتری آئی۔ کورونا کے باوجود پاکستان کی ترقی کی شرح میں اضافہ ہو رہا ہے۔ مزید کہا کہ رواں سال گلگت بلتستان میں بیس سےبائیس لاکھ افراد سیاحت کیلئے جائیں گے۔