کراچی ( 92 نیوز) غریبوں کا چولہا جلانے کیلئے سندھ کی تاجر برادری سر گرم ہو گئی ، قائم کردہ کمیٹی نے تاجروں سے ملاقات میں کاروباری سرگرمیاں شروع کرنے کی اجازت دینے پر نیم رضا مندی ظاہر کر دی ۔ صوبائی وزیر سعید غنی نے کہا کہ معاملے پر وفاق سے مشاورت کریں گے ، تاجر رہنما عتیق میر بولے کہ اگلے ہفتے کاروباری سرگرمیاں شروع ہو جائیں گی ۔
سندھ میں لاک ڈاؤن نرمی کے بعد ایس او پیز کے تحت کاروباری سرگرمیاں بھی جلد شروع ہونے کی کرن نظر آنے لگی ، وزیر اعلیٰ سندھ کی جانب سے قائم کردہ کمیٹی نے تاجروں سے ملاقات میں کاروباری سرگرمیاں شروع کرنے کی اجازدت دینے پر نیم رضا مندی کا اظہار کر دیا۔
صوبائی وزیر سعید غنی نے کمشنر آفس میں تاجروں کے وفد سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تاجروں نے کاروبار کھولنے سے متعلق تجاویز دی ہیں اورہم جلد ہی اپنی ابتدائی رپورٹ وزیر اعلیٰ کو پیش کریں گے ، کوئی بھی فیصلہ وفاق کی مشاورت سے کیا جائے گا۔
تاجر رہنما عتیق میر نے سندھ حکومت کی کمیٹی سے ملاقات کو مثبت قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ آئندہ ہفتے سے کاروباری سر گرمیاں شروع ہو جائیں گی
رضوان عرفان اور جمیل پراچہ کا کہنا تھا کہ ہم حکومت کی جانب سے دیے گئے ایس او پیز کے تحت کاروبار شروع کرنے پر تیار ہیں ، وزیر اعظم سے مطالبہ کرتے ہیں کہ تجاویز منظور کرنے میں تاخیر نہ کی جائے ۔
اس سے قبل کراچی سمیت سندھ بھر میں نئے ایس او پیز کے تحت ہوٹلز اور ریسٹورنٹس کو صبح 8 تا شام 5 ہوم ڈیلوری اور ٹیک اوے سروس کی اجازت دے دی گئی ، جبکہ تنور اور بیکریاں بھی صبح 8 سے شام 5 بجے تک کاروبار کر سکیں گی ۔