Thursday, December 1, 2022

سندھ کی ایک ہزار بہتر میں سے پیپلزپارٹی نے پانچ سو باسٹھ نشستوں کیساتھ میدان مار لیا، نتائج نائنٹی ٹو نیوز کو موصول

سندھ کی ایک ہزار بہتر میں سے پیپلزپارٹی نے پانچ سو باسٹھ نشستوں کیساتھ میدان مار لیا، نتائج نائنٹی ٹو نیوز کو موصول
لاہور (نائنٹی ٹو نیوز) سندھ کی ایک ہزار بہتر نشستوں میں سے سات سو ساٹھ نشستوں کے نتائج نائنٹی ٹو نیوز نے حاصل کر لیے ہیں۔ سندھ میں پیپلزپارٹی نے پانچ سو باسٹھ نشستیں لے کر میدان مار لیا۔ سندھ سے ایک سو انتیس آزاد، فنکشنل لیگ کے پچاس امیدوار کامیاب ہوئے دیگر جماعتوں نے انیس نشستیں حاصل کیں۔ ضلع لاڑکانہ کی میونسپل کمیٹی نوڈیرو میں پیپلزپارٹی نے میدان مار لیا اور سات کی سات نشستوں پر پی پی کے امیدوار کامیاب ہوئے۔ میونسپل کمیٹی گھوٹکی کی چودہ کی چودہ سیٹیں پیپلز پارٹی کے نام رہیں۔ میرپور ماتھیلو میونسپل کمیٹی کی نو نشستوں میں سے چھے پر آزاد امیدوار منتخب ہوئے۔ پیپلزپارٹی کے حصے میں تین نشستیں آئیں۔ ٹاؤن کمیٹی خان گڑھ کی تمام چھے نشستیں پیپلزپارٹی کے حصے میں آئیں۔ ڈھیرکی کی چودہ رکنی ٹاؤن کمیٹی میں سے آٹھ پر آزاد امیدوار کامیاب ہوئے، پانچ نشستیں پیپلزپارٹی جیت سکی۔ ٹاؤن کمیٹی اوباڑو کی دس کی دس سیٹیں پیپلزپارٹی جیتنے میں کامیاب ہوئی۔ ٹاؤن کمیٹی گدو میں کل دس نشستوں میں سے آٹھ پر پیپلزپارٹی جبکہ دو پر آزاد امیدوار کامیاب ہوئے۔ میونسپل کمیٹی روہڑی کی دس میں سے نو نشستوں پر پیپلزپارٹی کامیاب ہوئی، ایک نشست آزاد امیدوار جیتنے میں کامیاب ہوا۔ شکارپور میونسپل کمیٹی کے تیس وارڈز میں سے انیس پر پیپلزپارٹی، سات پر فنکشنل لیگ، دو پر جے یو آئی ف اور دو پر آزاد امیدوار کامیاب ہوئے۔ ضلع جیکب آباد کی ٹاؤن کمیٹی میرپور بٹھورو کی تمام پانچ نشستیں پیپلزپارٹی کے نام رہیں۔ ٹاؤن کمیٹی سردار سہراب خان سرکی میں بھی پیپلزپارٹی چھائی رہی اور تمام چار نشستوں پر پی پی کے امیدوار منتخب ہوئے۔