Saturday, July 27, 2024

سندھ کابینہ نے رینجرز اختیارات میں توسیع کی منطوری دیدی

سندھ کابینہ نے رینجرز اختیارات میں توسیع کی منطوری دیدی
April 22, 2017
کراچی(92نیوز) سندھ کابینہ نے رینجرز کو خصوصی اٰختیارات دینے کی منظوری تین دن کی تاخیر کے بعد دے دی  ۔ رینجرز کو چار سنگین جرائم میں پولیسنگ کے اختیارات نوے روز کے لیے دیئے گئے ہیں ۔ تفصیلات کےمطابق انتہائی حساس اور اہم معاملے کو تقریبا ایک ہفتے تک لٹکائے رکھنے کے بعد مراد علی شاہ کی کابینہ نے رینجرز کو خصوصی اختیارات دینے کی منظوری دے ہی دی  ۔  وزیر اعلی ہاوس میں ہونے والے کابینہ اجلاس میں رینجرز اختیارات کا معاملہ دیگر معاملات میں سب سے اہم رہا  ۔ کابینہ کے اجلاس میں رینجرز کے کردار کارکردگی پر بحث ہوئی  ۔ سیکریٹری داخلہ نے کابینہ کو بریفنگ دی۔ جس میں بتایا گیا کہ رینجرز کو وفاقی حکومت نے حکومت سندھ کی درخواست پر آرٹیکل 147 کے تحت تعینات کیا ۔ تعیناتی کے طریقہ کار کی وضاحت محکمہ داخلہ نے نوٹی فیکشن کے ذریعے کی  رینجرز 1989 سے اپنی ڈیوٹیز انجام دے رہی ہے  اور آرٹیکل 147 کے تحت 1 اگست 2016 سے 19 جولائی 2017 تک تعینات رہے گی۔ وزیر اعلی مراد علی شاہ نے کابینہ کو بتایا کہ 2 جنوری 2017 کو رینجرز کو انسدا د دہشت گردی ایکٹ کے سیکشن 4 کے تحت اختیارات دیئے گئے تھے یہ اختیارات 90 روز کے لیے تھے جن کی مدت 16 اپریل 2017 کو ختم ہوگئی  ۔ مراد علی شاہ نے پولیس کی کارکردگی کو سراہا اورکہا کہ حکومت کوشش کررہی ہے کہ پولیس کی کارکردگی کو مزید بہتر کیا جائے اور پولیس کی خصوصی تربیت پر توجہ دی جائے  ۔ کارکردگی رپورٹ پر بحث کے بعد سندھ کابینہ نے رینجرز کو نوے روز کے لیے خصوصی اختیارات دینے کی منظوری دے دی  ۔ خصوصی اختیارات کے تحت رینجرز ٹارگٹ کلنگ ، بھتہ خوری ، اغواء برائے تاوان اور دہشت گردی میں ملوث ملزموں کو گرفتار کرکے تحقیقات کے بعد پولیس کے حوالے کرے گی۔