Saturday, July 27, 2024

سندھ کابینہ نے ترمیمی بلدیاتی ایکٹ کی توثیق کر دی

سندھ کابینہ نے ترمیمی بلدیاتی ایکٹ کی توثیق کر دی
December 2, 2021 ویب ڈیسک

کراچی (92 نیوز) ایم کیوایم اور تمام اپوزیشن جماعتوں کا احتجاج نظرانداز کر دیا گیا۔ سندھ کابینہ نے ترمیمی بلدیاتی ایکٹ کی توثیق کر دی۔

وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ کی زیرصدارت سندھ کابینہ کا اجلاس ہوا۔ سندھ کابینہ  نے ترمیمی بلدیاتی ایکٹ کی توثیق کر دی اور کہا کہ مقصد لوکل باڈیز کو مزید بااختیار کرنا ہے تاکہ شہریوں کے مسائل حل ہوں۔

متحدہ رہنما اور کراچی کے سابق میئر وسیم اختر نے نائنٹی ٹونیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت بلدیاتی نمائندہ کو اختیارات نہیں دینا چاہتی۔ جو تھوڑے بہت اختیارات تھے وہ بھی چھین لئے ہیں۔

ایم کیو ایم نے ترمیمی بلدیاتی ایکٹ کےخلاف لیاقت آباد میں مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے بینرز اٹھائے ہوئے تھے جن پر سندھ حکومت کےخلاف نعرے درج تھے۔ متحدہ رہنماوں نے کہا کہ سندھ حکومت عوام کے مسائل حل کرنے میں سنجیدہ نہیں۔

سندھ  لوکل گورنمنٹ ایکٹ کےخلاف دیگر جماعتوں نے بھی سڑکوں پر آنے کا اعلان کر دیا۔ حلیم عادل شیخ کہتے ہیں تمام ضلعی ہیڈکوارٹرز میں بلدیاتی ایکٹ کےخلاف احتجاجی مظاہرے کرینگے۔

پی ایس پی، جی ڈی اے ،مسلم لیگ ن اور جے یو آئی نے بھی ترمیمی ایکٹ کو مسترد کر دیا ہے۔