Thursday, January 27, 2022
براہراست ٹی وی براہراست نشریات(UK) آج کا اخبار English News
English News آج کا اخبار
براہراست ٹی وی براہراست نشریات(UK)

سندھ میں گیس بحران شدت اختیار کر گیا

سندھ میں گیس بحران شدت اختیار کر گیا
February 10, 2019
کراچی ( 92 نیوز ) سندھ میں گیس بحران شدت اختیار کر گیا ،کراچی  میں گیس  بحران سے شہریوں  کے چولہے ٹھنڈ پڑ رہے ہیں ، لوڈ شیڈنگ کےباعث کھانا پکانا بھی دشوار ہو گیا۔ کراچی میں سی این جی اسٹیشنز کی بار بار بندش سے پبلک ٹرانسپورٹ بھی مسائل کا شکار ہے جبکہ سی این جی اسٹیشنز 58 گھنٹے بعد کھلے تو گاڑیوں کی لائنیں لگ گئیں ۔ گیس بحران کے باعث خواتین کو شدید پریشانی کا سامنا ہے  ، کھانا پکانا ان کیلئے درد سر بن گیا  ، مردوں کو کھانا بھی ہوٹلوں سے لانا پڑ رہا ہے ۔ شہری کہتے ہیں گیس آئے یا نہ آئے ،لیکن بِل باقاعدگی سے بھیجے جارہے ہیں ۔

حیدر آباد

سندھ کے دوسرے بڑے شہر حیدرآباد کی صورتحال بھی کراچی سے کچھ مختلف نہیں ، شہر میں گیس کی لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے ، ساتھ ہی اضافی بلوں نے بھی لوگوں کی مشکلات میں اضافہ کردیا ہے ۔ حیدر آباد میں گیس کے کم پریشر سے صارفین تنگ  تو تھے ہی ، اب بڑھتی قیمتوں نے بھی  پریشانی میں اضافہ کر دیا ہے، حکومت کی جانب سے گیس کے نرخوں میں اضافے کے بعد حیدرآباد کے شہریوں کو بھی اضافی بل ملنا شروع ہوگئے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ پہلے ہی مہنگائی میں اضافہ کردیا گیا ہے ایسے میں گیس کے اضافی بل ان کے لئے نئی پریشانی کا باعث بن گئے ہیں۔ دوسری طرف گیس  لوڈشیڈنگ اور کم پریشر کے باعث کھانا پکانے میں مشکلات کا سامنا  کرنا پڑرہا ہے،خواتین  لکڑیاں جلا کر کھانا پکانے پر مجبور ہیں۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے  حکومت گیس  کےنرخ کم کرے اور گیس کی بلاتعطل فراہمی کو ممکن بنایا جائے۔

اسلام آباد

کراچی ،سکھر سمیت اندرون سندھ   میں گیس نہیں آرہی مگر شہر اقتدار والوں کو گیس تو مل رہی ہے مگر بہت مہنگی  ،چند سو روپے کا بل ہزاروں میں آنے پر شہریوں کی چیخیں نکل گئی ہیں۔ گیس کی قیمتوں میں 140 فیصد اضافہ کرکے صارفین کی جیبوں پر 94 ارب روپے کا بڑا بوجھ ڈال دیا، شہری کہتے ہیں ان کی امیدوں پرتوپانی پھر گیا۔ پانچ سو کی بجائے گیس کا بل 10 ہزار آنے پر  شہری بلبلا اٹھے ،شہریوں نے حکومت سے اپیل کی  ہے کہ گیس کی قیمتوں میں کمی کی جائے اور اضافی بل واپس لیے جائیں۔