Monday, December 11, 2023

سندھ میں گورنرراج کی آپشن زیرغورنہیں:سعد رفیق

سندھ میں گورنرراج کی آپشن زیرغورنہیں:سعد رفیق
March 21, 2015
لاہور(ویب ڈیسک)وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ سندھ میں گورنر راج لگانے کی آپشن زیر غور نہیں لیکن کسی بھی سیاسی جماعت کے سربراہ کو یہ حق نہیں کہ وہ فوج یا آرمی چیف پر تنقید کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ فوج آئین کے اندر رہ کر کام کرتی ہےجسےالطاف حسین تسلیم کر چکے ہیں کہ  جرائم پیشہ عناصر کو ایم کیو ایم کا حصہ نہیں ہونا چاہیے۔ لاہور میں محکمہ ریلویز کی ایک تقریب کے بعدمیڈیا سے گفتگو میں سعد رفیق نے کہا کہ  فوج اپنی ذمہ داریاں بخوبی سر انجام دے رہی ہے،ایجنسیوں اور قانون  نافذ کرنے والے اداروں کو نشانہ بنانا غلط ہے ،آرمی چیف پر بھی کسی کو تنقید کرنے کا حق نہیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں بدامنی پر سب پکارتے رہےکہ رینجرز کو لایا جائے۔ سیاسی جماعتوں کو اپنا احتساب خود کرنا چاہیے،ملک میں کوئی مسلح گروہ اور نجی ملیشیا نہیں رکھ سکتا،حکومت گورنر راج کے حوالے سے کسی آپشن پرغورنہیں کر رہی۔ سعد رفیق نے کہا کہ جوڈیشل کمیشن کے قیام کا فیصلہ کسی کی ہار اور جیت نہیں،تحریک انصاف سیاسی جماعت بن گئی ہے ،عمران خان سیکھنے کے عمل سے گزر رہے ہیں۔ وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ محکمے کی صلاحیت بڑھانے کے لئے دن رات کام کر رہے ہیں جبکہ انجنوں کی تعداد میں اضافہ کیا جا رہا ہے۔