Friday, September 13, 2024

سندھ میں کرپشن ہے لیکن اتنی نہیں جتنا شور مچایا جاتا ہے: وزیراعلیٰ سندھ

سندھ میں کرپشن ہے لیکن اتنی نہیں جتنا شور مچایا جاتا ہے: وزیراعلیٰ سندھ
October 7, 2015
کراچی (92نیوز) وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ نے صوبے میں کرپشن کا اعتراف کر لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن پورے ملک میں ہے‘ سندھ میں بھی ہے‘ اسے روکنے کی کوشش کر رہے ہیں تاہم گلہ ہے تو اس پر کہ صرف نام ان کا ہی سامنے آ رہا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سندھ کے وڈے سائیں قائم علی شاہ شاہانہ پروٹوکول میں حضرت عبداللہ شاہ غازی کی درگاہ پر پہنچے۔ عرس کے آخری روز زائرین کا رش تھا مگر سائیں کے لیے مزار کو خالی کرالیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے مزار پر چادر چڑھائی‘ دعا مانگی۔ پھرخم ٹھونک کر میڈیا کے سامنے آگئے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت اور رینجرز کے درمیان غلط فہمیاں پیدا نہیں ہونے دیں گے جس نے اشتہار چھپوایا، اس کے خلاف کارروائی ہوگی۔ کرپشن کے سوالوں پر کہا کہ سندھ میں کرپشن اتنی نہیں جتنا شور کیا گیا‘ کرپشن کو روکنے کے لئے احتساب کمیشن بنارہے ہیں۔ رینجرز کے خلاف پولیس کے اشتہار پر انہوں نے کہا کہ حکومت اور رینجرز کے درمیان غلط فہمی پیدا نہیں ہونے دینگے۔ وڈے سائیں کا کہنا تھا کہ احتساب سب کا ہونا چاہئے مگر ثبوت کے ساتھ۔