Friday, September 13, 2024

سندھ میں میٹرک امتحانات میں چوتھے روز بھی نقل کروانے کی روایت نہ بدلی

سندھ میں میٹرک امتحانات میں چوتھے روز بھی نقل کروانے کی روایت نہ بدلی
July 8, 2021

کراچی (92 نیوز) سندھ میں میٹرک امتحانات میں چوتھے روز بھی نقل کروانے کی روایت نہ بدلی۔ وقت سے پہلے پیپر آؤٹ اور امتحانی مراکز میں کھلے عام نقل ہوئی۔

سندھ میں جو کچھ دسویں جماعت کے طلبا نے کیا۔ نویں جماعت کے طالب علم بھی وہی کرنے لگے۔ دفعہ ایک سو چوالیس کا نفاذ بھی نقل مافیا کو نہ روک سکا۔

کراچی میں نویں جماعت کے طلبا نے ریاضی کا پرچہ دیا۔ پرچہ ساڑھے نو بجے شروع ہوا لیکن نو بجے ہی سوشل میڈیا پر آچکا تھا۔ سکھر میں نویں جماعت کا فزکس کا پرچہ بھی آوٹ ہو گیا۔ دفعہ ایک سو چوالیس کے باوجود امتحانی مرکز میں بوٹی مافیا سرگرم رہی۔ موبائل فون کا کھلےعام استعمال ہوتا رہا۔ طلبہ واٹس گروپ کی مدد سے پرچہ حل کرتے رہے۔

ڈہرکی میں بھی پرچہ واٹس اپ گروپس میں پہلے آیا۔ حل شدہ پرچہ پانچ سو روپے میں فروخت کیا جاتا رہا۔ انتظامیہ مکمل خاموش نظر آئی۔ نوشہر و فیروز میں بھی پرچہ امتحان سے آدھا گھنٹہ پہلے آوٹ ہوا۔ دفعہ ایک سو چوالیس کے باوجود بوٹی مافیا اپنا کام کرتا رہا۔ طالب علم اتنے مطمئن تھے کہ کمرہ امتحان میں ٹک ٹاک بناتے رہے۔ طلبہ کی ٹک ٹاک سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔

سندھ کے دیگر اضلاع میں بھی صورتحال زیادہ مختلف نہ تھی ، جس کو جہاں موقع ملا خوب نقل کرکے پرچہ حل کر لیا۔