Saturday, July 27, 2024

سندھ میں انسداد ہیپاٹائٹس پروگرام مکمل ناکام ہوگیا

سندھ میں انسداد ہیپاٹائٹس پروگرام مکمل ناکام ہوگیا
January 29, 2017

کراچی (92نیوز) آڈٹ جنرل آف پاکستان کی جاری رپورٹ کے مطابق سفارشی بھرتیوں نے سندھ ہیپاٹائٹس پروگرام کو تباہ کردیا۔ تفصیلات کے مطابق سندھ میں ہیپاٹائٹس پروگرام کو کنٹرول کرنے کے لیے شروع کیا گیا پروگرام سفارش، نااہلی کی نذر ہوگیا۔ آڈیٹر جنرل پاکستان نے جاری کردہ رپورٹ میں سندھ حکومت کا کچا چٹھا کھول کررکھا دیا۔

رپورٹ کے مطابق سندھ ہیپاٹائٹس پروگرام کو سفارشی بھرتیوں نے تباہ کیا۔ 2010 اور 2011 کے دوران ہیپاٹائٹس کنٹرول پروگرام کے 5ڈائریکٹرز بغیر انٹرویو اورٹیسٹ کے رکھے گئے۔  ڈاکٹر دانش اور ڈاکٹر ابوبکر میمن نے تو حد ہی کردی۔ اپنی درخواستوں کے ساتھ سفارشی پرچی بھی لگا دی۔

کچھ ایسا ہی حال تھا ڈاکٹر مشتاق لاکھو کا جو مستعفی ہونے کے صرف دو دن بعد زیادہ تنخواہ پر دوبارہ کام کرنے لگے۔ ڈاکٹر لطیف اکبر بھی 2نوکریوں اور 2تنخواہوں کے مزے لوٹتے رہے۔

نااہلی اور اقربا پروری اس انتہا کو پہنچی کے ہیپاٹائٹس کو کنٹرول کرنے کے پروگرام میں بھرتی کئے جانے والے کسی بھی ڈائریکٹر کا تجربہ اور قابلیت عہدے کے لئے پوری نہیں تھی۔ غیرقانونی بھرتیوں کی بناء پر ہیپاٹائٹس پروگرام میں سال 2009 سے 2014 تک 33کروڑ 71لاکھ کا نقصان پہنچایا۔