Saturday, December 9, 2023

سندھ شدید بارشوں اور تیز ہواؤں کی زد میں، کئی شہروں میں ہائی الرٹ

سندھ شدید بارشوں اور تیز ہواؤں کی زد میں، کئی شہروں میں ہائی الرٹ
August 30, 2017

کراچی (92 نیوز) سندھ شدید بارشوں اور تیز ہواؤں کی زد میں آ گیا ۔ کئی شہروں میں انتظامیہ کی جانب سے ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ جبکہ شہریوں کو کسی بھی صورتحال کا سامنا کرنے کے لئے تیار رہنے کا کہا گیا ہے ۔

سندھ کے مختلف شہروں میں طوفانی بارشوں کا آغاز ہو گیا ہے۔ جبکہ کئی شہروں میں انتطامیہ کی طرف سے ہائی الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔

حیدرآباد اور گردونواح میں سارا دن وقفے وقفے کے ساتھ موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری رہا۔ بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔ تاہم  شہر کے متعدد نشیبی علاقوں میں  پانی جمع ہو گیا جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا  ہے۔ جبکہ محکمہ موسمیات کے مطابق حیدرآباد میں اگلے دو روز تک بارش کا سلسلہ جاری رہے گا۔

میر پور خاص میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا آغاز ہو گیا ہے ۔ شہر بھر میں بارش کے پانی کے باعث  شہریوں کا شدید مشکلات کا بھی سامنا بھی ہے ۔

سکھر بھی شدید بارش اور تیز ہواؤں کی زد میں آ گیا ہے ۔ بارش سے گرمی کا زور تو ضرور ٹوٹا تاہم لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

ٹھٹھہ اور سجاول سمیت دیگر ساحلی علاقوں میں بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے جبکہ  محکمہ موسمیات کی جانب سے ممکنہ تیز طوفانی بارشوں کی پیشنگوئی کے باعث ضلع انتظامیہ نے ہائی الرٹ جاری کردیا۔

ان شہروں کے ساتھ ساتھ بدین اور عمر کوٹ میں بھی تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری ہے ۔