Saturday, July 27, 2024

سندھ رینجرز کے خصوصی اختیارات میں 90 دن کی توسیع‘ نوٹیفکیشن جاری

سندھ رینجرز کے خصوصی اختیارات میں 90 دن کی توسیع‘ نوٹیفکیشن جاری
February 3, 2016
اسلام آباد (92نیوز) وزرات داخلہ نے سندھ حکومت کی درخواست پر باہمی مشاورت اور اتفاق رائے سے سندھ رینجرز کے اختیارات میں 90روز کے لئے توسیع کر دی ہے۔ اب رینجرز پراعتماد طریقے سے دہشت گردوں‘ اغوا کاروں‘ ٹارگٹ کلرز‘ بھتہ خوروں سمیت سنگین جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف کاروائی کر سکے گی۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزرات داخلہ کی جانب سے جاری ہونے والے نوٹیفکیشن میں سندھ رینجرز کو انسداد دہشت گردی ایکٹ کی دفعہ چار کے تحت اختیارات تفویض کئے گئے ہیں جس کے تحت رینجرز کراچی سمیت سندھ بھر میں دہشت گردوں کے علاوہ اغوا کاروں‘ ٹارگٹ کلرز‘ بھتہ خوروں کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رکھے گی۔ نوٹیفکیشن میں واضح کہا گیا ہے کہ رینجرز کو سنگین نوعیت کے جرائم کے علاوہ کرپشن کے خلاف بھی کارروائی کا مکمل اختیار ہوگا۔ اس حوالے سے سندھ رینجرز کو نیب اور ایف آئی اے کی معاونت بھی حاصل رہے گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اب رینجرز کی جانب سے کراچی میں بڑے پیمانے پر کارروائیوں کا آغاز ہوگا۔ اس حوالے سے رینجرز نے کرپٹ عناصر اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف خفیہ معلومات پر ایک فہرست بھی تیار کررکھی ہے جس پر جلد عملدرآمد کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق چھاپہ مار کارروائیوں سے قبل آپریشن کمانڈر وزیراعلی سندھ قائم علی شاہ کو اعتماد میں لیا جائے گا۔ ذرائع بتاتے ہیں کہ باہمی رضامندی سے سندھ رینجرز اختیارات کے نوٹیفکیشن سے وفاق اور صوبے کے درمیان جاری تناو میں کمی آئے گی اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف مزید گھیرا تنگ ہو گا۔