Friday, September 13, 2024

سندھ رینجرز نے اپنے خلاف الزامات پر مبنی اشتہارات کی تحقیقات کا ا علان کردیا

سندھ رینجرز نے اپنے خلاف الزامات پر مبنی اشتہارات کی تحقیقات کا ا علان کردیا
October 7, 2015
کراچی (92نیوز) گزشتہ روز کراچی میں چھ لاپتہ افراد کی بازیابی اور انکی نامعلوم رینجرز اہلکاروں کے ہاتھوں گرفتاری سے متعلق پولیس کی جانب سے دیے گئے اشتہارات پر رینجرز کا سخت رد عمل سامنے آیا ہے۔ رینجرز نے پولیس افسر کی جانب سے اشتہارات کو رینجرز کی اعلیٰ کارکردگی اور کراچی کے امن کے خلاف سازش قرار دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق پولیس کی جانب سے گزشتہ روز اورنگی ٹاو¿ن کے مختلف علاقوں سے پانچ لاپتہ افراد کی بازیابی کے لیے چھپوائے گئے اشتہارات میں ان افراد کی تحویل رینجرز کے پاس بتائی گئی تھی۔ رینجرز نے اس اشتہار پر سخت رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اشتہارات کے مندرجات قطعی طور پر جھوٹ پر مبنی ہیں۔ ترجمان رینجرز کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ایک پولیس افسر کی جانب سے چھپوائے گئے یہ اشتہارات رینجرز کی اعلیٰ کارکردگی کو عوام کی نظرو ں سے گرانے کی کوشش ہے جبکہ ان اشتہارات کا مقصد کراچی آپریشن کو نقصان پہنچانا ہے۔ ترجمان نے کہا ہے کہ رینجرز نے اپنے طور پر اس معاملے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ رینجرز حکام نے جھوٹے پراپیگنڈے کے خلاف قانونی چارہ جوئی اختیار کرنے کا عندیہ بھی دے دیا۔