سندھ رینجرز اور پولیس کی مشترکہ کارروائی ، انتہائی مطلوب ڈکیت محب رضوی عرف بابر گرفتار
کراچی (92 نیوز) سندھ رینجرز اور پولیس نے کورنگی ڈھائی نمبر پر مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے انتہائی مطلوب ڈکیت محب رضوی عرف بابر گرفتار کر لیا۔
ترجمان رینجرز کے مطابق ملزم نے دوران تفتیش ڈھائی ہزار سے زائد ڈکیتیاں کرنے کا اعتراف کیا ہے اور دوران ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ کر کے لوگوں کو زخمی بھی کیا۔
ادھر اے وی ایل سی نے دو خواتین سمیت سات رکنی کار لفٹر گروہ پکڑ لیا۔ گروہ کے مرکزی کردار میاں بیوی قرۃالعین اور شجاعت نکلے۔ دیور بھی گرفتار ملزمان میں شامل ہے۔
ایس ایس پی عارف اسلم رائو کے مطابق ملزمان نشے کی لت کیلئے اور تفریحا کاریں چراتے تھے۔ نشہ اترتے ہی گاڑیاں کسی بھی علاقے میں چھوڑ دیتے تھے۔ قرۃالعین کا دیور دانیال واردات کیلئے اپنے مرحوم بھائی کی ایکسائز پولیس کی یونیفارم استعمال کرتا تھا۔ والدہ کو پتہ چلا تو یونیفارم جلا دی جس کے بعد ملزم صرف کیپ پہن کر ہی وارداتیں کرنے لگا۔ ملزمان بیس کے قریب گاڑیاں چوری کر چکے ہیں۔