Saturday, July 27, 2024

سندھ حکومت کی طرف سےبھیجی جانیوالی رینجرز اختیارات کی سمری وزارت داخلہ نے مسترد کردی

سندھ حکومت کی طرف سےبھیجی جانیوالی  رینجرز اختیارات کی سمری وزارت داخلہ نے مسترد کردی
August 2, 2016
اسلام آباد(92نیوز)سندھ کے نئے کپتان بھی وفاق کی توقعات پر پورا نہیں اُتر پائے، تمام تر یقین دھانیوں کے باوجود رینجرز اختیارات کی بھجوائی گئی سمری وزارت داخلہ نے مسترد کر دی، وفاق نے اب آرٹیکل 148، 149 کے آپشن کے استعمال پر غور شروع کر دیا۔ تفصیلات کےمطابق سندھ میں رینجرز کے اختیارات دو ہفتے قبل ختم ہو گئے تھے، اختیارات کی نئی سمری پر سندھ حکومت اور وفاق کے درمیان ڈیڈ لاک پیدا ہو گیا ہے، وزیر اعلیٰ قائم علی شاہ کی تبدیلی کے بعد امید کی جا رہی تھی کہ معاملات بہتر ہو جائیں گے، لیکن نئے وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ اپنے پیشرو کے نقش قدم پر چلتے نظر آئے، سندھ میں رینجرز اختیارات سے متعلق سمری کو وزارت داخلہ کے لیگل ڈیپارٹمنٹ نے مسترد کر دیا ہے، وزارت داخلہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ سمری میں رینجرز کے اختیارات کو صرف کراچی تک محدود کیا گیا ہے، سمری کے مطابق رینجرز کراچی کی حدود سے باہر کارروائی کی مجاز نہیں ہوگی، وزارت داخلہ کے ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ سمری آرٹیکل 147 کے منافی ہے، اس پر وزیر داخلہ چوہدری نثار نے تحفظات کا اظہار کیا ہے، ذرائع کے مطابق سندھ کے نو منتخب وزیر اعلیٰ کے رویئے کو غیر سنجیدہ قرار دے کر وفاق نے متبادل آپشنز پر غور شروع کر دیا ہے، وزرات داخلہ آرٹیکل 148 اور 149 کے نفاذ سے مشاورت کر رہی ہے۔