سندھ حکومت وزیراعظم کی موجودگی میں ہونیوالے معاہدے کی خلاف ورزی کر رہی ہے، عمران اسماعیل
کراچی (92 نیوز) گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت وزیراعظم کی موجودگی میں ہونے والے معاہدے کی خلاف ورزی کر رہی ہے۔
سندھ کے مسائل اور اہم سیاسی معاملات پر گفتگو کیلئے گورنر سندھ عمران اسماعیل صوبے کی اہم سیاسی شخصیت راضی علی خان جتوئی کی رہائش گاہ پہنچے۔
ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں گورنر سندھ ایک بار پھر سندھ حکومت پر برس پڑے کہا چند ماہ پہلے گورنر ہاؤس میں وزیراعظم، عسکری قیادت اور وزیر اعلیٰ سندھ کی موجودگی میں ہوئے اجلاس میں طے ہوا تھا کہ کراچی کا ایڈمنسٹریٹر غیر سیاسی ہوگا اور وفاق اور صوبے دونوں کی مشاورت سے مقرر کیا جائے گا، مرتضیٰ وہاب ایک سیاسی شخصیت ہیں، سندھ حکومت کے اس فیصلے کو بالکل تسلیم نہیں کیا جائے گا۔ مرتضیٰ وہاب کی ایڈمنسٹریٹر کراچی لگانا معاہدے کی خلاف ورزی ہے۔
گورنر سندھ نے دعویٰ کیا کراچی میں نالوں کی صفائی سو فیصد وفاق کے پیسے ہو رہی ہے، اعتراف کیا کہ کراچی پیکیج پر کام جس تیزی سے مکمل ہونا چاہیے نہیں ہوا۔
گورنر سندھ نے مزید بتایا کہ راضی علی خان جتوئی سے سندھ کے مسائل پر بات چیت ہوئی ہے جس کی رپورٹ بنا کر وہ وزیر اعظم کو پیش کریں گے، سندھ کے لوگوں کی اُمیدیں صرف عمران خان سے ہیں۔