سندھ حکومت نے بھی مردم شماری کے ابتدائی نتائج مسترد کردیئے

کراچی (92 نیوز) پیپلز پارٹی نے سندھ میں مردم شماری کے نتائج مسترد کرنے اور اے پی سی بلانے کا اعلان کردیا۔ منظور وسان کہتے ہیں خانہ شماری نہیں، خانہ پری کی گئی، خوابوں کے وزیر نے عشرت العباد کا مستقبل بھی بتادیا۔
سندھ کی دو کروڑ آبادی کو کم گنا گیا۔
دیہی سندھ میں لوگ زیادہ بستے مگر شہری سندھ کو زیادہ بتایا گیا۔
یہ دعویٰ ہے سندھ کے وزیر صنعت منظور وسان کا جو کہتے ہیں رپورٹ دیکھ کر لگتا ہے کہ مردم شماری نتائج ڈرائنگ میں تیار کئے گئے۔
پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو نے سندھ کی کم آبادی کو وفاق کی سازش قرار دیتے ہوئے اے پی سی بلانے کا اعلان کردیا۔ ان کا کہنا ہے کہ ہمارے خدشات درست ثابت ہوئے، آبادی کم ظاہر کرکے سندھ کے مالی، سیاسی اور عوامی حقوق پر ڈاکہ ڈالا گیا۔
ایم کیو ایم کے مستقبل اور سندھ کے سیاسی منظر نامے پر خواب دیکھنے کیلئے مشہور منظور وسان کہتے ہیں کہ ایم کیوایم دھڑوں کی قیادت سابق گورنر عشرت العباد کو بھی مل سکتی ہے۔
مردم شماری کے ابتدائی نتائج پر سندھ کی شہری اور دیہی سیاسی قیادت نے عوامی عدالت لگانے اور قانونی جنگ لڑنے کا اعلان کیا ہے خدشہ ہے کہ مردم شماری کے عبوری نتائج پر سیاسی کشیدگی نہ بڑھ جائے۔