Friday, September 13, 2024

سندھ حکومت نرسنگ ڈگری جاری نہیں کر سکتی : پاکستان نرسنگ کونسل نے ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا

سندھ حکومت نرسنگ ڈگری جاری نہیں کر سکتی : پاکستان نرسنگ کونسل نے ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا
October 7, 2015
کراچی (92نیوز) پاکستان نرسنگ کونسل نے سندھ ہائر ایجوکیشن کے قیام کے خلاف درخواست میں فریق بننے کیلئے سندھ ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان نرسنگ کونسل نے سندھ ہائیکورٹ میں دائرکردہ درخواست میں موقف اپنایا کہ ڈاکٹر عاصم کی ایما پر سندھ نرسنگ کونسل کے قیام کا بل اسمبلی سے پاس کرایا گیا۔ سندھ ہائر ایجوکشن کمیشن اور سندھ نرسنگ کونسل کا قیام عمل میں لا کر ڈاکٹر عاصم کو اس کا سربراہ بنایا گیا۔ درخواست گزار کے مطابق ڈاکٹرعاصم نے نجی نرسنگ یونیورسٹی کے قیام کے بعد بھی سرکاری گرانٹ وصول کی اور اپنی یونیورسٹی میں داخلوں کیلئے دیگر یونیورسٹیوں پر دباو ڈالتے رہے۔ درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ پاکستان نرسنگ کونسل کی موجودگی میں صوبہ نرسنگ ڈگری جاری نہیں کر سکتا۔ سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن اور سندھ نرسنگ کونسل کا قیام غیرقانونی قرار دیا جائے۔ درخواست گزار نے بتایا کہ معاملے کی تحقیقات کیلئے سپریم کورٹ اور گورنر سندھ کو بھی خطوط لکھے ہیں۔ درخواست کی سماعت آئندہ ہفتے ہو گی۔