Saturday, December 3, 2022

سندھ حکومت مشکلات کا شکار، گورنر راج کی افواہیں گردش کرنے لگیں

سندھ حکومت مشکلات کا شکار، گورنر راج کی افواہیں گردش کرنے لگیں
کراچی (92 نیوز)سندھ حکومت پر مشکلات کیا آئیں کہ ملک بھر میں  گورنر راج کی افواہیں گردش کرنے لگیں ، صدر مملکت عارف علوی اور وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے سندھ میں گورنر راج کے حوالے سے خبروں کی تردید کردی۔ بعض ارکان سندھ اسمبلی کی نااہلی اور سابق صدر آصف علی زرداری کی گرفتاری کے امکانات نے گورنر راج سے متعلق خبروں کو تقویت بخشی ۔ دوسری طرف صدر مملکت عارف علوی نے ترکی روانگی سے قبل سندھ میں گورنر راج سے متعلق خبروں کی تردید کرتے ہوئے اسے جھوٹ کا پلندہ قرار دیا۔ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے بھی سندھ میں گورنر راج کا امکان مسترد کرتے ہوئے ایسی خبریں من گھڑت قرار دے دیں۔ سندھ میں گورنر راج کا نفاذ ہوتا ہے یا نہیں، یہ تو آنے والا وقت فیصلہ کرے گا، تاہم سندھ میں پیپلزپارٹی کی حکومت کو درپیش مسائل ایک مسلمہ حقیقت ہے۔