Saturday, July 27, 2024

سندھ حکومت رینجرز کے ' مستردشدہ ' اختیارات بحال کرنے کے فیصلے پر قائم

سندھ حکومت رینجرز کے ' مستردشدہ ' اختیارات بحال کرنے کے فیصلے پر قائم
February 1, 2016
کراچی (92نیوز) رینجرز اختیارات کے معاملے میں وفاق اور سندھ حکومت میں ایک بار پھر ٹھن جانے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔ سندھ حکومت نے وہی اختیارات دینے کا فیصلہ کر لیا جسے وفاق مسترد کر چکا ہے۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت اور سندھ کے درمیان رینجرز کے اختیارات کا مسئلہ ایک مرتبہ پھر شدت اختیار کر رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق سندھ حکومت نے رینجرز کو ایک بار پھر وہی اختیارات دینے کا فیصلہ کر لیا جو وفاق نے مسترد کئے تھے۔ مشروط اختیارات کی مدت 90 روز ہو گی جس کی منظوری آج ہی صوبائی کابینہ سے لیے جانے کا امکان ہے۔ صوبائی کابینہ کی منظوری کے بعد سندھ اسمبلی کی قرارداد کے مطابق رینجرز اختیارات میں توسیع کا نوٹیفکیشن جاری ہو گا جس کے تحت رینجرز کو دہشت گردی، اغوا برائے تاوان اور دیگر جرائم کے خلاف کارروائی کی اختیارات حاصل ہوں گے تاہم کسی سیاسی شخصیت یا سرکاری حکام کے خلاف کارروائی کیلئے رینجرز کو حکومت سندھ سے اجازت لینا ضروری ہوگا۔ سندھ میں رینجرز کے اختیارات کی مدت تین فروری کو ختم ہو رہی ہے۔ دسمبر میں حکومت سندھ کی سمری کو وفاق نے مسترد کر کے رینجرز کو خود ہی اختیارات دے دیے تھے وہ بھی ایک ہفتے بعد ختم ہو جائیں گے۔ سندھ حکومت کے ترجمان مولا بخش چانڈیو کا کہنا تھا کہ رینجرز کے اختیارات سے متعلق شرائط میں تبدیلی نہیں ہو سکتی۔ شرائط میں تبدیلی کیلئے سندھ اسمبلی سے رجوع کرنا پڑے گا۔