Thursday, September 19, 2024

سندھ اسمبلی میں ہنگامہ آرائیوں کے ساتھ رشتہ داریاں بھی بننے لگیں

سندھ اسمبلی میں ہنگامہ آرائیوں کے ساتھ رشتہ داریاں بھی بننے لگیں
April 8, 2015
کراچی (نائنٹی ٹو نیوز) سندھ اسمبلی میں صوبائی معاملات پر فیصلے ہونے کے ساتھ ساتھ اب رشتہ داریاں بھی ہونے لگیں۔ ایوان میں ڈپٹی اسپیکر سندھ اسمبلی شہلا رضا کی جملے بازی پر اپوزیشن لیڈر شہریار مہر نے انہیں اپنی امی ہی بنا لیا۔ سندھ اسمبلی کے اجلاس میں ڈپٹی اسپیکر شہلا رضا اور اپوزیشن کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ اور ہنگامہ آرائی تو معمول کا کام ہے لیکن آج کے اجلاس میں شہلا رضا اور اپوزیشن لیڈر شہریار مہر کے درمیان ہونے والی گفتگو پر ایوان  میں قہقہے بکھر گئے۔ اجلاس کے دوران حیدرآباد میں بس اڈے کے معاملے پر صوبائی وزیرخزانہ مراد علی شاہ اور شہریار مہر میں تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا۔ مراد علی شاہ کے جوابی ریمارکس پر اپوزیشن نے شورشرابہ شروع کر دیا۔ اس دوران ڈپٹی اسپیکر شہلا رضا نے قائد حزب اختلاف کو بیٹھنے کا کہتے ہوئے انہیں بیٹا کہہ دیا۔ اپوزیشن لیڈر شہریار مہر بھی جواب دئیے بغیر نہ رہ سکے اور جوابی طور پر انہیں ‘‘امی جی’’ کہہ ڈالا اور رشتے کا خوب بھرم رکھا۔ سندھ اسمبلی میں گرما گرم اجلاس تو جاری رہتے ہی ہیں لیکن کچھ مزاح اور اپنائیت عوامی نمائندوں کو مسائل کے حل کیلئے اکٹھا کرنے میں مددگار ہو گا۔