آغا سراج درانی دوسری مرتبہ سندھ اسمبلی کے اسپیکر منتخب،حلف بھی اٹھالیا
کراچی ( 92 نیوز ) پاکستان پیپلزپارٹی کے آغا سراج درانی دوسری مرتبہ سندھ اسمبلی کے بارہویں اسپیکر منتخب ہو گئے، آغا سراج درانی نے عہدے کا حلف بھی اٹھا لیا ۔
آغا سراج درانی کے مقابل متحدہ اپوزیشن کے جاوید حنیف میدان میں تھے ۔
اسپیکر سندھ اسمبلی کے لئے کل 158 ووٹ کاسٹ ہوئے جن میں سے 96 ووٹ آغا سراج درانی کو ملے جب کہ اپوزیشن کے امیدوار جاوید حنیف کو 59 ووٹ ملے ۔ 3 ووٹ مسترد قرار پائے ۔
آغاسراج درانی کے والد اور چچا بھی سندھ اسمبلی کے اسپیکر رہ چکے ہیں۔
ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب میں ریحانہ لغاری نے اپوزیشن کی رابعہ اظفر کو شکست دے دی ۔
پاکستان پیپلزپارٹی کی ریحانہ لغاری 158 میں سے 98 ووٹ لے کر کامیاب رہیں ان کی مخالف متحدہ اپوزیشن کی رابعہ اظفر کو 59 ووٹ ملے جب کہ ایک ووٹ مسترد ہوا۔