Tuesday, November 28, 2023

سندھ اسمبلی : الطاف حسین کے خلاف قرارداد کثرت رائے سے منظور

سندھ اسمبلی : الطاف حسین کے خلاف قرارداد کثرت رائے سے منظور
August 7, 2015
کراچی(92نیوز)سندھ اسمبلی میں پیپلز پارٹی نے بھی ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کے خلاف  لائی جانے والی قرارداد کی حمایت کردی ، مشترکہ قرارداد  سندھ اسمبلی سے منظور ۔ تفصیلات کے مطابق سپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں تحریک انصاف ، ن لیگ  اور فنکشنل لیگ  نے ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کے خلاف قرارداد جمع کر ائی تھی جس کی پیپلز پارٹی کے ارکان نے بھی حمایت کردی۔ ایوان میں الطاف حسین کے خلاف  قرارداد فنکشنل لیگ کے رکن اسمبلی نند کمار نے پیش کی ۔ جس کی ارکان پیپلز پارٹی نے بھی حمایت کردی۔نند کمار نے قرارداد میں مطالبہ کیا کہ ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کے خلاف کارروائی کی جائے۔ وفاقی حکومت الطاف حسین کے بیان کا نوٹس لیتے ہوئے ان کو وطن واپس بلائے ۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ الطاف حسین کی جانب سے فوج ، حکومت اور رینجرز کے خلاف بیانات کا نوٹس لیا جائے۔ ایوان میں قرارداد پیش ہونے کے  بعد ایم کیو ایم کے ارکان سندھ اسمبلی کی جانب سے پر زور مذمت  اور شور شرابا کیا گیا۔جس کی وجہ سے ایوان مچھلی منڈی بن گیا۔ سپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی نے  کثرت رائے سے قرارداد منظور ہونے کے بعد  سندھ اسمبلی کا اجلا س پیر تک ملتوی کردیا۔