لاہور: ( 92 نیوز) اسموگ کے پیش نظر پنجاب کے مختلف اضلاع میں تعلیمی ادارے بند کرنے کا اعلان کر دیا گیا۔
سکولوں کو ان لاٸن کلاسز کا اہتمام کرنے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔ڈی جی ماحولیات پنجاب نے تعلیمی اداروں کی بندش کا نوٹیفیکشن جاری کردیا ہے۔
نوٹیفیکشن کے مطابق نجی و سرکاری تعلیمی ادارے بارہویں جماعت، اے لیولز تک بند رہیں گے، تمام تعلیمی ادارے آن لائن کلاسز پر منتقل ہوں گے، فیصلے کا اطلاق لاہور، شیخوپورہ، قصور، ننکانہ صاحب پر ہوگا۔
نوٹیفیکشن میں بتایا گیا ہے کہ گوجرانوالہ، گجرات، حافظہ آباد، منڈی بہاالدین، سیالکوٹ، نارووال میں بھی اسکولز بند رہیں گے جبکہ فیصل آباد، چنیوٹ، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، ملتان، لودھران، وہاڑی، خانیوال میں بھی اسکولز بند رہیں گے۔
نوٹیفیکشن کے مطابق اسکولز بند رہنے کے فیصلے کا اطلاق 7 سے 17 نومبر تک ہوگا۔
واضح رہے کہ لاہور سمیت پنجاب کے دوسرے علاقوں میں بھی اسموگ کی صورت حال خراب ہونے کی وجہ سے پنجاب بھر میں آنکھ، کان، ناک، گلے اور سانس کی بیماریاں پھیلنے لگی ہیں۔