سمندر پار پاکستانیوں کی آئی ووٹنگ کے لئے رجسٹریشن کا مقررہ وقت ختم

اسلام آباد (92 نیوز) سمندر پار پاکستانیوں کی آئی ووٹنگ کےلئے رجسٹریشن کے لیے مقررہ وقت ختم ہو گیا۔ 6 لاکھ 27 ہزار اہل ووٹرز میں سے صرف 7 ہزار 410 ووٹرز نے خود کو رجسٹرڈ کرایا۔
ملکی تاریخ میں پہلی بار اورسیز پاکستانی ووٹرز آئی ووٹنگ کے تحت چودہ اکتوبر کو اپنا حق رائے استعمال کرسکیں گے ۔ الیکشن کمیشن اور نادرا کی جانب سے ویب سائٹ پر اوورسیز پاکستانیوں کی رجسٹریشن کا وقت ختم ہو گیا ہے۔
6 لاکھ 27 ہزار اہل ووٹرز میں سے صرف 7 ہزار 410 سمندر پار مقیم پاکستانیوں نے خود کو بطور ووٹر رجسٹرڈ کرایا جو کل تعداد کا ایک اعشاریہ بیس فیصد بنتا ہے۔
11 ہزار 330 سمندرپار پاکستانیوں نے اکاونٹ بنایا جبکہ 6 لاکھ 19 ہزار 590 ووٹرز نے کوئی دلچسپی نہیں لی ۔
الیکشن کمیشن حکام سمندر پاکستانیوں کی بطور ووٹر رجسٹریشن میں عدم دلچسپی پر مایوسی کا شکار ہوئے تو سیاسی جماعتوں سے کردار ادا نہ کرنے پر بھی نالاں ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ووٹنگ سافٹ وئیر پر ساڑھے نو کروڑ روپے خرچ ہونگے۔
آن لائن ووٹنگ کے لئے رجسٹریشن کا عمل یکم ستمبر سے 17 ستمبر تک جاری کیا گیا۔