فلوریڈا (92 نیوز) سمندری طوفان ارماکیریبین جزائر میں تباہی مچانے کے بعد امریکی ریاست فلوریڈا کے ساحلی علاقوں سے ٹکرا گیا۔ مختلف حادثات میں ایک پولیس افسر سمیت چار افراد ہلاک۔ میامی شہر وینس میں تبدیل۔ طوفانی ہواؤں نے کئی درخت جڑوں سے اکھاڑ پھینکے۔ گھروں کی چھتیں اڑ گئیں۔ بیس لاکھ افراد بجلی سے محروم ہو گئے۔
سمندری طوفان ارما کیریبین جزائر اور کیوبا میں ہولناک تباہی کے نقوش پیچھے چھوڑ آیا اور اب امریکی ریاست فلوریڈا کے مغربی ساحلی علاقوں میں قہر بن کر ٹوٹ پڑاہے۔ ارما طوفان دو سوستاون کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہوائیں بھی ساتھ لایا اور موسلا دھار بارش نے میامی شہر کو پانی پانی کر دیا۔
اب فلوریڈا کے ساحلی علاقوں میں ایک سو بیس میل فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں اور بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ طوفان اب کیٹیگری چار سے تین میں تبدیل ہو گیا ہے۔
فلوریڈا اور جارجیا سے تریسٹھ لاکھ سے زائد افراد گھر بار چھوڑ کر محفوظ مقامات پر منتقل ہو چکے ہیں۔ لاکھوں شہری اب بھی گھروں میں موجود ہیں۔ میامی سمیت متعدد ساحلی اور سیاحتی علاقے دس سے پندرہ فٹ پانی میں ڈوب چکے ہیں۔ فلوریڈا میں بجلی کا نظام درہم برہم ہو کر رہ گیا ہے اور بیس لاکھ سے زائد افراد بجلی سے محروم ہیں۔
میامی کے علاقے فوٹ لاڈر ڈیل میں طوفانی ہواؤں نے کئی درخت گرا دئیے۔ مغربی برکل کے علاقے میں کئی گھروں کی چھتیں اڑ گئیں۔ امریکا کے موسمیاتی مرکز کے مطابق فلوریڈا کے علاوہ سینٹ پیٹرز برگ اور ٹامپا جیسے شہر بھی ارما کے راستے میں آنے کی وجہ سے شدید خطرے سے دوچار ہیں۔
نیشنل ویدر سروس نے صورتحال کو انتہائی خطرناک قرار دیا ہے۔ ادھر کیریبین جزائر میں طوفان سے ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر پچیس ہوگئی ہے جبکہ کیوبا میں اب بھی کئی علاقوں میں بجلی بحال نہیں کی جاسکی۔