سمجھوتہ ایکسپریس سے پاکستانی شہریوں کو اتارنے کے معاملے کا جائزہ لیا جا رہا ہے: دفترخارجہ
اسلام آباد (92نیوز) ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان توانائی کے بحران پر قابو پانے کے لیے بین الاقوامی برادری سے ایٹمی توانائی کے شعبے میں تعاون چاہتا ہے۔ افغانستان میں قیام امن کے لیے پاکستان ہر ممکن تعاون کرنے کو تیار ہے۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ قاضی خلیل اللہ نے ہفتہ وار بریفنگ کے دوران مختلف سوالوں کے جواب میں بتایا کہ بھارت کی طرف سے سمجھوتہ ایکسپریس کے مسافروں کو روکنے اور پاکستانی فنکار کو دھمکیوں کے معاملے کا نوٹس لیا ہے۔
فنکاروں کو دھمکیاں دینا افسوس ناک ہے۔ پاکستان کے ایٹمی پروگرام کے حوالے سے مختلف سوالات کے جواب میں ترجمان نے کہا کہ پاکستان توانائی بحران پر قابو پانے کے لیے سول نیوکلیئر ٹیکنالوجی میں بین الاقوامی تعاون چاہتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ شام میں جاری بدامنی کو روکنے کے لیے مذاکرات کی راہ اختیار کرنے کا پاکستان حامی ہے۔ داعش کے حوالے سے ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ اسلام کا نام لینے والی تنظیم داعش کا کوئی کام اسلامی نہیں‘ پاکستان اپنی سرزمین پر داعش کے وجود کو برداشت نہیں کرے گا۔