سلامتی کونسل نے شام میں خانہ جنگی کے خاتمے کی قرارداد منظور کر لی

نیویارک (ویب ڈیسک) سلامتی کونسل نے شام میں پانچ سال سے جاری خانہ جنگی کے خاتمے کیلئے امن عمل شروع کرنے کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی ہے۔ قرار داد کا مقصد شام میں جنگ بندی اور سیاسی مذاکرات کا آغاز کرانا ہے۔ تفصیلات کے مطابق قرار داد کا مقصد شام میں جنگ بندی اور سیاسی مذاکرات کے عمل کا آغاز ہے۔
امریکی وزیر خارجہ جان کیری کا کہنا ہے کہ قرارداد اس بات کا واضح پیغام ہے کہ شام میں قتل و غارت کے خاتمے کا وقت آ گیا ہے۔ عالمی طاقتوں کے نمائندوں کا اجلاس نیو یارک میں منعقد ہوا جس میں شام کے حلیف روس اور ایران سمیت انیس ملکوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔
اجلاس میں شریک نمائندوں نے اقوام متحدہ کی اس دستاویز پر بھی دستخط کیے جس کے مطابق چودہ مئی دوہزار سولہ تک شام میں جنگ بندی پر اتفاق اور اسی سال آزادانہ انتخاب کرانے کا بھی مطالبہ کیا گیا۔
قرار داد میں شام کی حکومت اورحزب مخالف کے درمیان یکم جنوری سے ہی امن مذاکرات شروع کرنے کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے۔ قرار داد پر متفق ہونے کے باوجود فریقین کے حامیوں میں دہشت گرد گروپوں کے حوالے سے اختلافات موجود ہیں۔