Tuesday, October 4, 2022

سعید اجمل کے ریٹائر منٹ کے اعلان پر مداح اداس

سعید اجمل کے ریٹائر منٹ کے اعلان پر مداح اداس

فیصل آباد ( 92 نیوز ) جادوگر اسپنر سعید اجمل کی ریٹائرمنٹ کے اعلان نے ان کے مداحوں کو بھی اداس کر دیا ۔ کرکٹ دیوانے کہتے ہیں سعید اجمل کو انٹرنیشنل کرکٹ میں بہت مس کریں گے ۔
فیصل آباد سے تعلق رکھنے والے جادوگر اسپینر سعید اجمل کا اتار چڑھاؤ سے بھرپور کیریئر ٹیم میں واپسی کا انتظار کرتے کرتے آخر اختتام پذیر ہو گیا ۔ آف اسپنر کی جانب سے ریٹائرمنٹ کے اعلان نے ان کے مداحوں کو بھی مایوس کر دیا ۔ 2008 میں 30 سال کی عمر میں آسٹریلیا کے خلاف ٹی 20 میچ سے انٹرنیشنل کرکٹ کا آغاز کرنے والے سعید اجمل نے 2011 میں کیریئر کے بہترین دور سے گزرتے ہوئے ون ڈے باؤلر رینکگ میں پہلی پوزیشن پر قبضہ جما لیا۔
صنعتی شہر میں کھیل کو فروغ دینے کے لئیے سعید اجمل نے جناح کالونی میں اسپورٹس کا اسٹور بھی بنایا جبکہ جھنگ روڈ پر سعید اجمل کے نام سے بننے والی کرکٹ اکیڈمی میں آنے والے کھلاڑی ان کی ریٹائرمنٹ پر اداس مگر ان جیسا بننے اور پاکستان کا نام روشن کرنے کے خواہش مند ہیں ۔
سعید اجمل نے 35 ٹیسٹ میچوں میں 178، 113 ون ڈے میچوں میں 184 جبکہ 64 ٹی ٹونٹی میچوں میں 85 وکٹیں حاصل کیں ۔ انہوں نے کیریئر کا آخری میچ 2015 میں بنگلہ دیش کے خلاف کھیلا جس کے بعد وہ دوبارہ قومی ٹیم میں جگہ نہ بنا سکے ۔
کوششوں کے باوجود سلیکشن نہ ہونے پر آخر کار سعید اجمل نے حالیہ نیشنل ٹی 20 کپ کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ کو باقاعدہ خیر باد کہنے کا اعلان کر دیا۔