Monday, January 17, 2022
براہراست ٹی وی براہراست نشریات(UK) آج کا اخبار English News
English News آج کا اخبار
براہراست ٹی وی براہراست نشریات(UK)

سعودی ولی عہد محمد بن سلمان آج پاکستان کا دورہ کریں گے

سعودی ولی عہد محمد بن سلمان آج پاکستان کا دورہ کریں گے
February 17, 2019
 اسلام آباد (92 نیوز) سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان آج اہم دورہ پر اسلام آباد پہنچ رہے ہیں۔ پاکستان اور سعودی عرب میں تعلقات کا نیا دور شروع ہونے والا ہے۔ پوری قوم سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو کھلے بازوؤں سے خوش آمدید کہنے کے لئے تیار ہے جبکہ حکومت نے بھی شہزادے کی راہوں میں پلکیں بچھانے کی تیاریاں مکمل کر لیں ۔ شہزادہ محمد بن سلمان کے استقبال کے لئے اسلام آباد کی اہم شاہراہیں بھی سجادی گئیں۔ وزیراعظم عمران خان کابینہ کے ارکان کے ہمراہ استقبال کریں گے۔ شہزادہ محمد بن سلمان  کل اپنے وفد کے ہمراہ   چار طیاروں میں  پاکستان کی سر زمین پر قدم رکھیں گے اور یوں پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات میں ایک نیا  موڑ آ جائے گا ۔ شہزادے کی آمد ہے تو استقبال کی تیاریاں بھی شایاں شان کی گئیں ہیں ۔ سکیورٹی کے لئے پاک فضائیہ  کے فائیٹر جیٹ  پہلے سے ہی فضاؤں میں ہونگے اور طیارے کو پروٹوکول حصار میں لیں گے ۔ لینڈ کرنے پر شہزادے کو اکیس توپوں کی سلامی دی جائے گی جبکہ پاک سر زمین کی فضاؤں میں فلائی پاسٹ پیش کرتے جے ایف 17 تھنڈر  کی گھن گرج بھی سنائی دے گی۔ ایئرپورٹ سے شہزادہ محمد بن سلمان وزیراعظم ہاؤس پہنچیں گے جہاں مسلح افواج کے دستے اُنہیں گارڈ آف آنر پیش کرینگے۔ وزیراعظم عمران خان سے ون آن ون ملاقات ہو گی جبکہ معزز مہمان کے اعزاز میں عشائیہ اور  صدر مملکت ایوان صدر میں ظہرانہ دیں گے۔ جڑواں شہروں میں سکیورٹی کے بھی غیرمعمولی انتظامات ہوں گے۔ شہزادے کو  وی وی آئی پی سکیورٹی فراہم کی جائے گی۔ میٹرو بس راولپنڈی تک محدود رہے گی جبکہ شہزادے کے  وفد کے ارکان 8 نجی ہوٹلوں میں قیام کریں گے۔ ٹریفک پلان بھی جاری کر دیا گیا۔ وزیر اطلاعات فواد چودھری نے سعودی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب  کے درمیان تاریخی تعلقات ہیں اور دونوں ممالک  اسلامی اخوت کے رشتے میں بندھے ہیں۔ شاہ فیصل مسجد دونوں ممالک کےمضبوط رشتوں کی عکاس ہے۔ پاکستانی عوام سعودی ولی عہد کے وژن کی حمایت کرتے ہیں۔ فواد چودھری کا کہنا تھا چاہتے ہیں عرب لوگ یورپ کی بجائے پاکستان میں سیروسیاحت کیلئے آئیں۔ پاکستان میں سوئٹزر لینڈ سے بہتر سیاحتی مقامات ہیں۔