اسلام آباد (92 نیوز) سعودی عرب کے قومی دن کی مناسبت سے اسلام آباد میں تقریب منعقد ہوئی۔ ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور، چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی اور معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان سمیت اہم شخصیات کی شرکت ہوئی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی کا کہنا تھا پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تاریخی تعلقات ہیں۔ موجودہ دور میں دونوں ممالک کے تعلقات کو بہت فروغ ملا ہے۔ سعودی عرب خادم حرمین شریفین کی قیادت میں ترقی کر رہا ہے۔
تقریب کے مہمان خصوصی چیئرمین سینیٹ نے شاہ سلمان اور ولی عہد محمد بن سلمان سمیت سعودی عوام کو قومی دن کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا دونوں ممالک کا مسئلہ کشمیر اور فلسطین پر موقف یکساں ہے۔ پاکستان اور سعودی عرب مل کر کشمیر سمیت مسلم امہ کے مسائل حل کر سکتے ہیں۔
تقریب میں سعودی عرب کے قومی دن کے حوالے سے خصوصی رقص بھی پیش کیا گیا۔