Saturday, July 27, 2024

سعودی عرب: کمپیوٹرسسٹم پروائرس کا حملہ، ہزاروں غیرملکی اقامہ سے محروم

سعودی عرب: کمپیوٹرسسٹم پروائرس کا حملہ، ہزاروں غیرملکی اقامہ سے محروم
February 1, 2017

جدہ (ویب ڈیسک) سعودی عرب کی وزارت محنت و سماجی ترقی ایک ہفتہ گزر جانے کے باوجود شمعون وائرس کا شکار ہونے والا اپنا کمپیوٹر سسٹم ٹھیک نہیں کراسکی۔ اقاموں کی تجدید سے محروم ہزاروں غیرملکی شہری دردر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور، بینک اکائونٹ منجمد ہونے سے نیا بحران جنم لینے کا خطرہ بڑھنے لگا۔

برطانوی خبرایجنسی کے مطابق تئیس جنوری کو شمعون نامی وائرس کے حملے سے وزارت کا کمپیوٹر نیٹ ورک بری طرح متاثر ہو گیا تھا جس کے باعث سعودی عرب میں کام کرنے والے ہزاروں غیرملکی باشندے ایک ہفتہ گزرنے کے باوجود اپنے اقامہ کی تجدید نہیں کرا سکے۔

سعودی قانون کے مطابق بینکوں نے ایسے تمام غیرملکی شہریوں کے بینک اکائونٹ منجمد کردیے ہیں جن کے اقاموں کی تجدید نہیں ہوئی۔ اقامہ رہائشی اجازت نامہ ہوتا ہے اور کمپنیاں تجدید کرانے کے لیے پاسپورٹ ڈپارٹمنٹ کو 650 ریال اور وزارتِ محنت کو 2400 ریال ادا کرتی ہیں۔ ماہرین کے مطابق یکم جنوری کو محکمہ ٹیلی کام نے شمعون وائرس کے حملے کا انتباہ جاری کیا تھا۔

شمعون وائرس کمپیوٹر سسٹم میں ایسی خرابی پیدا کر دیتا ہے کہ انہیں سٹارٹ نہیں کیا جا سکتا۔  2012 میں ہونے والےشمعون وائرس کے حملے میں سعودی آرامکو کمپنی کے ہزاروں کمپیوٹر متاثر ہوئے تھے۔ محکمہ لیبر کے حکام کے مطابق کمپیوٹر سسٹم صحیح ہونے کی حتمی تاریخ نہیں دی جاسکتی۔